اوڑی//اوڑی کنٹرول لائن پرواقع 1400نفوس پر مشتمل آبادی والا گائوںچرنڈہ ایک بار پھر محصور کردیا گیا ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق اب دوبارہ ان کے علاقے میں تعینات فوج نے مین گیٹ بند کر کے لوگوں کیلئے پریشانیاں کھڑی کر دی ہیں۔چرنڈہ گاوں کے سابق سرپنچ لال دین کھٹانہ نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ25روز قبل علاقے میں تعینات فوج نے ابدال کے مقام پر گیٹ نمبر 6 کو گاڑیوں کی آمد رفت کے لئے بند کر دیااور تاربندی کے اند بس رہے لوگوں کو ساز وسامان اٹھا کر پیدل اپنے گھروں تک لیجانا پڑتا ہے ۔لال دین نے بتایا کہ علاقے میں تعینات فوج ان کے مہمانوں کو بھی گیٹ سے اندر آنے کی اجازت نہیں دیتی ہے۔ لال دین نے مزید بتایا کہ گزشتہ دنوں ان کے علاقے میں دو اموت واقع ہوئیں اور جن کی تعزیت پر باہر سے رشتہ دار آئے تھے گیٹ پر تعینات فوج نے انہیں اپنے رشتے داروں کی تعزیت پر جانے کی اجازت بھی نہیں دی۔بعد میں علاقے کے لوگوں کی مداخلت کے بعد انہیں اجازت ملی۔ انہوں نے بتایا کہ فوج اب ان کے علاقے میں کسی بھی فرد کو اپنے رشتے دار کے گھر میں رکنے کی اجازت بھی نہیں دیتی ہے۔