ظفر اقبال
اوڑی//اوڑی میں ادویاتی اور خوشبودار پودوں کی کاشت کو فروغ دینے کیلئے محکمہ زراعت نے ترکانجن بونیار اور سلطان ڈھکی میں دو نئی لیونڈر نرسریاں قائم کی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور اعلیٰ قدر والی فصلوں کی کاشت کو فروغ دینا ہے۔ترکانجن میں تقریباً 40 کنال اراضی پر قائم نرسری میں جدید لیونڈر آئل نکالنے اور پراسیسنگ یونٹ بھی نصب کیا گیا ہے، جہاں اعلیٰ معیار کا لیونڈر ضروری تیل اور پرفیوم تیار کیا جائے گا۔ جبکہ سلطان ڈھکی میں تقریباً 10 کنال پر قائم نرسری میں معیاری لیونڈر پودے تیار کرکے کسانوں کو فراہم کیے جائیں گے۔ترکانجن کے میڈیسنل اینڈ ایرومیٹک پلانٹس فارم میں لیونڈر کے علاوہ روزمیری، کْٹھ، برگینیا، آرٹیمیسیا اینوا اور وچھ جیسے قیمتی ادویاتی پودے بھی کاشت کیے جا رہے ہیں۔سب ڈویڑنل ایگریکلچر آفیسر اوڑی مشتاق الائی نے کہا کہ یہ منصوبہ کسانوں کو ادویاتی اور خوشبودار پودوں کی تجارتی بنیادوں پر کاشت کی جانب راغب کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ کسانوں کو تکنیکی رہنمائی، معیاری پودے اور مسلسل معاونت فراہم کر رہا ہے تاکہ اس پروگرام کو کامیاب بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ نئی نرسریوں اور پراسیسنگ یونٹ کے قیام سے اوڑی کو ادویاتی اور خوشبودار پودوں کی کاشت کا ایک اہم مرکز بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ لیونڈر ایک منافع بخش نقد آور فصل کے طور پر مقامی معیشت کو بھی مضبوط کرے گا۔