فیاض بخاری
بارہمولہ //سرحدی قصبہ اوڑی کے ہتھلنگہ علاقے میں لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے تین ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا۔ بارہمولہ میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران 161 بریگیڈ کے کمانڈر پی ایم دہیلن نے 5 جیک لائی کمانڈنگ آفیسر انکور سوہاگ اور ڈی آئی جی شمالی کشمیر ویویک گپتا کے ہمراہ کہا کہ پچھلے کئی دنوں سے اطلاع موصول ہورہی تھی کہ پاکستان کی کچھ تنظیمیں اوڑی میں دراندازی کرنا چاہتی ہیں اور ان کا مقصد جموں و کشمیر میں جو امن بحال ہورہا ہے، اسے درہم برہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں آئی ڈی سے کوئی بڑا دھماکہ کرنا تھا۔ فو ج اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران سنیچر کی صبح چھ بجکر چالیس منٹ پر برستی بارش کے دوران ہتھلنگہ علاقے میں گھات لگایا تھا، جس سے معلوم ہوا کہ تین سے چار ملی ٹینٹ ایل او سی کے اس پار آنے کی کوشش کررہے تھے۔
اس دوران طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی اور ابتدائی کارروائی کے دوران ایک دراندز کو مار گرایا گیا۔ اس کے بعد گھات لگانے والی پارٹی کو پتہ چلا کہ کارروائی کے دوران دو ملی ٹینٹ زخمی ہوئے ہیں، اور مزید کارروائی کے دوران ایک اور ملی ٹینٹ مارا گیا۔فوجی افسر نے کہا کہ زخمی تیسرے ملی ٹینٹ کو پاکستانی فوج کی جانب سے مدد ملی اور انہوں نے بھاتی علاق کی طرف فائرنگ کی تاہم بعد میں وہ بھی دم توڑ گیا جس کی لاش پاکستانی سرحد کے اْس پار گری ۔ انہوںنے کہا کہ وہاں پر تیز بارش ہورہی تھی جس کی وجہ سے آپریشن د ن کے دو بجے اختتام پذیر ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ گھنٹے تک چلنے والے اس آپریشن کے دوران پاکستان کے تین ملی ٹینٹ مارے گئے ، جن میں سے دو لاشیں برآمد ہوئی جبکہ ایک کی لاش پاکستان سرحد کے اْس پار گری اور اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اْس کی لاش کو انہوں نے برآمد کیا ہے۔کمانڈر نے مزید کہا کہ اس آپریشن سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان کس طرح سے ملوث ہے اور کس طرح سے ملی ٹینٹوں کو مدد کرکے اس طرف دراندازی کیلئے دھکیل دیتا ہے۔ مارے گئے ملی ٹینٹوں کے قبضے سے ایک اے کے 47 سات میگزین،کچھ گولیاں ،ایک چینیز پستول ،کئی گرینیڈ ، پاکستانی اور بھارتی کرنسی کے علاوہ ایک پانچ کلو گرام آئی اے ڈی برآمد ہوئی ۔