اوڑی / /اوڑی میں تیندوے کے حملہ میں ایک کمسن لڑکی زخمی ہوگئی جبکہ ماورہندوارہ میں گیڈر کے حملے میں تین افرادزخمی ہوگئے ۔اطلاعات کے مطابق اوڑی کے شاہدرہ گائوں میں سوموار شام کو اُس وقت افراتفری مچ گئی جب ایک تیندوے نے تیرہ برس کی غوثیہ خان دخترعبدالقیوم خان پر اُس وقت حملہ کیا جب وہ اپنے گھر کے آنگن میں کھیل رہی تھی۔غوثیہ نے مچایا اور اس دوران اس کے گھروالے اوردیگر لوگ اُس کی طرف دوڑ پڑے۔ہجوم کو دیکھ کر تیندوابھاگ گیا تاہم ا س دوران اُس نے لڑکی کوزخمی کیا تھا۔مقامی لوگوں کے مطابق اوڑی کے مضافات شاہدرہ،چھپر اور دولانجہ گائوں میں تیندے بستیوں میں گھومتے ہیں جس کی وجہ سے ان دیہات میں خوف کا ماحول ہے اور لوگ سرشام ہی اپنے گھروں میں چھپ جاتے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق تیندوں نے گزشتہ کئی روزسے بستی میں کئی مویشوں کوچٹ کیا۔لوگ صبح اورشام کو مقامی مسجدمیں نمازاداکرنے سے بھی کترارہے ہیں ۔لوگوں نے محکمہ جنگلی حیات سے مطالبہ کیا ہے کہ ان دیہات میں تیندے کو پکڑاجائے تاکہ انسانی جانوں کونقصان نہ ہو۔ادھر محکمہ کے حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ بدھوار کوان علاقوں میں محکمہ کے اہلکاروں کی ٹیم کو روانہ کیا جائے گا۔ ہرل ماور علاقے میں ایک جنگلی درندے نے ایک ہی گھرکے3 افراد پر حملہ کر کے انہیں زخمی کر دیا اور انہیں علاج و معالجہ کے لئے اسپتال منتقل کیاگیا۔معلوم ہواہے کہ شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں سوموار کو گیدڑ کے حملے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ ہندوارہ کے مضافات ہرل میں ایک گیدڑ عبد المجید کے رہائشی مکان میں داخل ہوگیا ،جس دوران گیدڑ نے گھر میں موجود تین افراد پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا جن میں عبدالمجید ولد عبدالخالق وانی، عمر مجید ولد عبدالمجید اور نجمہ بانو دختر عبدالمجید وانی شامل ہیں۔زخمیوں کو علاج ومعالجہ کیلئے سب ضلع اسپتال ہندوارہ منتقل کیا گیااور ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔