اوڑی//ظفر اقبال//اوڑی میں تیندوے نے5سالہ لڑکی کو چیر پھاڑ کر کے ہلاک کر دیا۔سرحدی قصبہ اوڑی کے ایک مضافاتی چھولاں نامی گاوں میں منگل کو اس وقت کہرام مچ گیا جب مقامی لوگوں نے نزدیکی نالہ سے ایک نو عمر لڑکی کی بغیر سر اور ٹانگ لاش برآمد کی۔مقامی لوگوں کے مطابق 5 سالہ عظمیٰ فاطمہ دختر محمد فاروق شاہ ساکنہ چھولاں اوڑی گزشتہ شام قریب چھ بجے گھر کے باہر اچانک غائب ہو گئی اگر چہ گھر والوں اور مقامی لوگوں نے اسے رات بھرتلاش کیا مگر اس کا کوئی پتہ نہ چل سکا ۔صبح ہوتے ہی مقامی لوگ نزدیکی نالہ میں اس کی تلاش کر رہے تھے تو اس دوران انہوں نے نالہ میں اس نو عمر لڑکی کی چیر پھاڑی ہوئی لاش برآمد کی۔ایس ایچ او اوڑی تبریز احمد خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نو عمر لڑکی کی لاش کے جسم پر تیندوئے کے نشان تھے جس سے صاف ظاہر ہے کہ اسے تیندوئے نے حملہ کر کے ہلاک کر دیا۔مقامی لوگوں کے مطابق ان کے علاقے میں کئی مہینوں سے جنگلی جانور نمودار ہو ئے ہیں اورکئی لوگوں پر حملے بھی کئے جس کی خبر انہوں نے محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کوبھی دی تھی مگر کوئی کاروئی عمل میں لائی گی جس کی وجہ سے آج اتنا بڑا حادثہ پیش آیا ۔