بارہمولہ// بارہمولہ کے سرحدی قصبہ اوڑی کے کمل کوٹ سیکٹر میں اتوار کی صبح فوج نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ 2عدم شناخت جنگجو جاں بحق کئے گئے ۔جبکہ تلاشی آپریشن بڑے پیمانے پر جاری ہے۔ فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ کمل کوٹ اوڑی سیکٹر کے دولنجہ علاقے میں اتوار کے صبح کچھ دراندازوں کا ایک گروپ اس پار آنے کی کوشش کرررہا تھاجنہیں موقع پر موجود فوج کے 8 مدراس نے للکارا۔ اس دوران فوج اور جنگجوئوں کے درمیان جھڑپ شروع ہوئی جس میں دو عدم شناخت جنگجو جاں بحق ہوئے ۔سرینگر میں موجود دفاعی ترجمان راجیش کالیا نے بتایا کہ تلاشی کارروائی جاری ہے ۔ اس دوران ڈائریکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ایس پی وید نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کی صبح فوج اور پولیس نے ایک بہت بڑے واقعہ کو اس وقت ٹالا جب انہوں نے بارڈر ایکشن ٹیم(BAT) کے 2جنگجوئوں کو ہلاک کردیا۔انہوں نے ٹویٹ میں کہا’’ اورمیں مذکورہ ٹیم کے جنگجو کوئی بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے لیکن انکی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ادھر پولیس نے کہا کہ جنگجوئوں کی لاشوں کو حاصل کرنے کیلئے پولیس ٹیم دولنجہ بھیج دی گئی ہے۔