اوڑی//لائن آف کنٹرول اوڑی سیکٹر میں پاکستانی فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا ہے۔سرحدی قصبہ اوڑی میں جمعہ کی صبح قریب 4بجے جنگ بندی کی تازہ خلاف ورزی کے دوران کنٹرول لائن پر واقعہ ہندستانی فوج کی’ جانی بابا‘ چوکی اور پاکستانی فوج کی’ توم‘ نامی چوکی کے درمیان ہلکی فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جو قریب 40 منٹ تک جاری رہا۔ اس دوران جانی بابا چوکی پر تعینات 17 جاٹ رجمنٹ سے وابستہ پرم ویر سنگھ نامی ایک فوجی اہلکار پاکستانی فوج کی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا جسے علاج معالجے کیلئے اوڑی فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔یاد رہے کہ اوڑی سیکٹر میں 13 روز کے بعد دوبارہ ہند پاک افوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آرپار فائرنگ کا تبادلہ جاری رکھا ۔اس سے قبل 24 فروری کو اوڑی کے حاجی پیر سیکٹر میں ہند پاک افواج کے درمیان شدید گوکہ باری کا تبادلہ ہوا تھا جس دوران تلاواڑی ،سلی کوٹ ،بلکوٹ ،چرنڈہ اور بٹگراں کی آبادی میں کئی گولے گرے تھے جن کی زد میں آکر 5 مکان تباہ ہو گئے تھے اور 250 کنبے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے تھے ۔