سید اعجاز+عارف بلوچ+ارشاد احمد
پلوامہ +اننت ناگ+بڈگام //جنوبی کشمیر میں پلوامہ اور اننت ناگ میں 2 الگ الگ مسلح تصادم آرائیوں میں4ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے۔اس دوران سیکورٹی فورسز نے رنگریٹھ سرینگر میں 10کلو وزنی بارودی سرنگ بر آمد کر کے 3ہابرڈ ملی ٹینٹوں کو گرفتار کرلیا۔
اونتی پورہ پلوامہ
پولیس نے بتایا کہ کھانڈے پورہ پنجگام پلوامہ میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی مصدقہ طور پر اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد شام قریب 7بجے 2آر آر کے علاوہ سی آر پی ایف کی خدمات حاصل کی گئیں اور گائوں کا شام دیر گئے قریب 7بجے محاصرہ کیا گیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ جونہی ممکنہ جگہ کے ارد گرد ناکہ بندی کرنے کی کوشش کی گئی تو ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی عملہ پر اندھا دھند طریقے سے فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان کچھ دیر تک دو طرفہ فائرنگ کا زوردار تبادلہ ہوا ، جس کے بعد گائوں میں خاموشی چھا گئی۔بعد میں تلاشی کارروائی کے دوران 3ملی ٹینٹوں کی لاشیں بر آمد کی گئیں۔رات گئے تک گائوں میں تلاشیاں جاری تھیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس وجے کمار نے کہا کہ کھانڈے پورہ جھڑپ میں مارے گئے ملی ٹینٹوں میں ایک غیر ملکی بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا مارے گئے ملی ٹینٹوں میں غالباً بختیار بٹ بھی ہے ۔ جو پولیس کو مطلوب تھا۔ انہوں نے کہا کہ بختیار کئی جرائم میں ملو ث تھا۔وہ سی آر پی ایف کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور دیگر 2اہلکاروں کی ہلاکت میں بھی ملطوب تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسکی ہلاکت سیکورٹی فورسز کیلئے بہت بڑی کامیابی ہے۔
بجبہاڑہ جھڑپ
سمتھن بجبہاڑہ علاقے میں 2ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد3 آر آراور129 بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے علاقے کو محاصرہ میں لیا۔پولیس نے بتایا کہ فورسز اہلکاروں نے مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کی تو یہاں چھپے ملی ٹینٹوں نے فائر کھول دیاجس کے بعد طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا جو آخری اطلاع ملنے تک جاری تھا۔گاؤں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کیا گیا ہے۔ جھڑپ کے مقام کے نزدیک نجی اسکول میں زیر تعلیم بچوں کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔پولیس کے مطابق گاؤں میں 2 سے 3 ملی ٹینٹ چھپے ہیں جنہوں نے 2 رہائشی مکانوں میں پناہ لے رکھی ہے۔جھڑپ شروع ہونے کے ساتھ ہی بجبہاڑہ قصبہ میں موبائل انٹرنیٹ بند کیا گیا جبکہ جھڑپ کے مقام سے گذرنے والی پرانی شاہراہ کو بھی گاڑیوں کی آواجاہی کے لئے بند کیا گیا۔رات گئے پولیس نے دعویٰ کیا کہ ایک ملی ٹینٹ مارا گیا تاہم اسکی شناخت نہیں ہوسکی۔
تین ہائبرڈ ملی ٹینٹ گرفتار
پولیس اور سیکورٹی فورسز نے منگل کو تین ہائبرڈ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ایک بڑے سانحہ کو ٹال دیا ہے جن کے قبضے سے 10 کلو وزنی آئی ای ڈی اور دو دستی بم برآمد ہوئے ۔ پولیس نے بتایا کہ سرینگر پولیس نے 2 ہائبرڈ دہشت گردوں کو گرفتار کیا جن کی شناخت عامر مشتاق ڈار ولد مشتاق احمد ڈار ساکن اقبال آباد سوزیٹھ اور کابل رشید ولد عبدالرشید ڈار سکوپ محلہ ایچ ایم ٹی سرینگر کوہرنبل کے ایک ناکے پر تلاشی کے دوران حراست میں لیا۔پولیس نے بتایا کہ ان کے قبضے سے دو دستی بم برآمد ہوئے۔ انہوں نے اپنے ایک اور ساتھی عاقب جمال بٹ ولد محمد جمال ساکن سوزیٹھ کا نام بھی بتایا جسے گرفتار کیا گیا اور ابتدائی جانچ کے دوران اس کے قبضے میں آئی ای ڈی کے بارے میں انکشاف کیا گیا ۔ سرینگر پولیس اور 62 آر آر کی ایک مشترکہ ٹیم نے اس کی نشاندہی پر رنگریٹھ میں تقریباً 10 کلو گرام آئی ای ڈی برآمد کی۔ تینوں کیخلاف چھانہ پورہ پولیس سٹیشن میں کیس زیر نمبر 69/2022 یو اے پی اے، دھماکہ خیز مواد ایکٹ اور آرمس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ تینوں افراد لشکر طیبہ/TRF سے وابستہ ہیں۔