یو این آئی
سڈنی//آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے کہا کہ انگلینڈ کے بلے باز جو روٹ ابھی بھی رنز کے بھوکے ہیں اور وہ سچن تندولکر کے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔پونٹنگ نے آئی سی سی ریویو پروگرام میں کہاکہ روٹ ابھی 33 سال کے ہیں اور سچن سے صرف 3000 رنز پیچھے ہیں۔ اگر انگلینڈ ہر سال 10 سے 14 ٹیسٹ میچ کھیلتا ہے اور روٹ ہر سال 800 سے 1000 رنز بناتا ہے تو تین سے چار سال میں وہ سچن کا ریکارڈ توڑ سکتا ہے۔ 37 سال کی عمر تک ایسا کرنا بالکل ممکن ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر وہ رنز کے بھوکے ہیں تو اس بات کا ہر ممکن امکان ہے کہ وہ یہ ریکارڈ توڑ دیں۔ وہ پچھلے ایک دو سالوں میں ایک بہتر بلے باز بن گئے ہیں۔
لوگ کہتے ہیں کہ جب کوئی بھی بلے باز اپنے 30 کی دہائی میں داخل ہوتا ہے تو اس کی بہترین کارکردگی ہوتی ہے، روٹ ایسا ہی کر رہے ہیں۔ ان کی تبادلوں کی شرح بہترین ہے۔”انہوں نے کہاکہ چار یا پانچ سال پہلے، روٹ بہت زیادہ نصف سنچریاں بنا رہے تھے، لیکن وہ انہیں سنچریوں میں تبدیل کرنے میں کم ہی کامیاب ہو پاتے تھے۔ لیکن حالیہ دنوں میں یہ رجحان بدل گیا ہے۔ اب وہ تقریبا ًہر نصف سنچری کو بڑی سنچری میں تبدیل کر رہا ہے، جو اس کے لیے ایک بہتر علامت ہے۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوران روٹ نے 12 ہزار ٹیسٹ رنز کا ریکارڈ چھو لیا تھا۔ اس وقت ان کے 143 ٹیسٹ میچوں میں 50 کی اوسط اور 32 سنچریوں کی مدد سے 12,027 رنز ہیں۔ روٹ ٹیسٹ رنز کے لحاظ سے ساتویں نمبر پر ہیں اور وہ جلد ہی کمار سنگاکارا (12,400) اور ایلسٹر کک (12,472) کے ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔ تنڈولکر نے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 15921 رنز بنائے ہیں۔ خود پونٹنگ کے 13,378 ٹیسٹ رنز ہیں اور وہ تنڈولکر کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔