یو این آئی
نئی دہلی// انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر (آئی آئی سی سی) کے 11اگست کو ہونے والے انتخابات اراکین نے جوش و خروش کے ساتھ ووٹنگ میں حصہ لیا۔دہلی میں کل تقریباّ 2056 ووٹ ہیں۔ پوسٹل بیلیٹ سے ووٹ پہلے ہی ہوچکا تھا جبکہ ای ووٹنگ کی تاریخ 9اور10اگست تھی۔ووٹنگ کیلئے سیکورٹی کا انتظام سخت تھا۔ ووٹ ڈالنے والوں نے کہا کہ اس طرح سخت سیکورٹی کا انتظام کسی بھی الیکشن میں بھی نہیں ہوتا۔سارے امیدوار اپنی کامیابی کے تئیں پرامید تھے۔سراج قریشی کے پینل میں صدرکے عہدے کے امیدوار اور معروف کینسر سرجن ڈاکٹر ماجد احمد ٹالیکوٹی نے اپنی کامیابی کے تئیں امیدکا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’ہماری ٹیم نے ہر طبقے کے اراکین سے رابطہ کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ تمام طبقوں کی میری ٹیم کو حمایت حاصل ہوگی‘۔ انہوں نے کہاکہ’ میں نے الزام تراشی کے بجائے شروع سے ہی تعلیم و ترقی، صحت اور سنٹر کے مستقبل کے منصوبے پر الیکشن مہم چلائی ہے‘۔دوسرے پینل سلمان خورشید کی ہے جس میں سلمان خورشید صدر کے عہدے کاانتخاب لڑ رہے ہیں۔کانگریس سے وابستہ اسلامک سنٹر کے اراکین سلمان خورشید کی فتح کے تئیں کافی پرامید نظر آئے۔ ان کا خیال ہے کہ وہ ڈاکٹر ماجد احمد کے خلاف ووٹ پولرائز کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں وہ اس الیکشن کو انڈیا الائنس بنام این ڈی اے دیکھ رہے ہیں۔تیسرے پینل ابرار احمد کا ہے جس میں صدر ابرار احمد انتخابی میدان میں ہیں ۔چوتھا آصف حبیب کا ہے۔پانچواں پینل سابق آئی اے ایس افسر افضل امان اللہ کا ہے۔ جس میں صد ر کے عہدے کے امیدوار افضل امان اللہ ہیں۔سارے پینل والے اپنی جیت تئیں پرامید ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ہم نے کافی محنت کی ہے اور اراکین کی محبت انہیں ضرور ملے گی۔