لندن/ انڈین پریمیئر لیگ کے بانی للت مودی نے انٹرنیشنل کرکٹ کا مستقبل خطرے میں قرار دیتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ آنے والے وقتوں میں کھلاڑی ایک میچ سے 10لاکھ ڈالر تک کمائیں گے جس سے عالمی مقابلوں کی اہمیت دم توڑ جائے گی اور مختلف ملکوں کے درمیان روایتی میچ بالکل ختم ہو جائیں گے ۔برطانوی اخبار ٹیلی گراف سے گفتگو کرتے ہوئے للت مودی نے کہا کہ آئی پی ایل اپنی جگہ برقرار رکھے گی اور دنیا کی سب سے بااثر لیگ میں سے ایک ہو گی۔آئی پی ایل میں ایک ٹیم زیادہ سے ایک کروڑ 20لاکھ ڈالر کھلاڑیوں کے معاوضے کی مد میں خرچ کر سکتی ہے لیکن مودی کا ماننا ہے کہ اگر یہ پابندی ہٹا دی جائے تو کرکٹرز اتنا معاوضہ حاصل کریں گے جتنا انگلش پریمیئر لیگ کے فٹبالر یا امریکا کی نیشنل فٹبال لیگ کے کھلاڑی حاصل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے کھیل پر بہت زیادہ اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ پھر کھلاڑی ملک کی نمائندگی کرنے کے بجائے انڈین پریمیئر لیگ کھیل کر اپنی قسمت بدلنے کو ترجیح دیں گے ۔ انہوں نے پیش گوئی کہ آپ دیکھیں گے کہ کھلاڑی کو ایک میچ کے عوض 1 سے 2 ملین ڈالرز ملیں گے اور یہ بہت جلد ہو گا۔ اگر بولی کے عمل کو فری مارکیٹ کر دیا جائے تو جس کے پاس زیادہ پیسا ہو گا وہی جیتے گا اور کھلاڑی اس ٹیم کی طرف کھنچتے چلے جائیں گے جو زیادہ تنخواہ دے گی۔انہوں نے کہا کہ 5 روزہ کرکٹ کو بچانے کا واحد طریقہ صرف یہ ہے کہ اگر آئی سی سی ایک عرصے سے زیر بحث چمپئن شپ کو متعارف کرا دے اور تمام ٹیمیں مل کر اسے ایک ٹورنامنٹ کی شکل دے دیں۔