عظمیٰ نیوز سروس
جموں//اَمرتسر میں منعقدہ پنجاب انٹرنیشنل ٹریڈ ایکسپو (پی آئی ٹی ای ایکس)۔ 2023 ء کے 17 ویں ایڈیشن میں جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن کی جانب سے قائم جموں و کشمیر پویلین کو جموں و کشمیر کی حقیقی مقامی فنکارانہ صلاحیتوں اور منفرد مصنوعات کی نمائش کی وجہ سے بہت سراہا گیا۔یہ تقریب ہمارے مقامی اُبھرتے ہوئے کاروباری اَفراد کو مقامی کاریگروں کی غیر معمولی دست کاری کا مظاہرہ کرنے کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جس سے حاضرین پر دیرپا اَثر پڑتا ہے۔ ایونٹ میں30 سٹالوں ، فن کاروں اور کاروباری اَفراد جن میں جموں و کشمیر کے تمام حصوں سے 6 خواتین کاروباری شامل ہیں ، نے حقیقی مقامی فنکاری کا مظاہرہ کیا جس نے ہمارے پویلین کو خریداروں اور مقامی گاہکوں کے لئے ایک مرکزی مقام میں تبدیل کیا۔ اِس برس پی آئی ٹی اِی ایکس۔ 2023 ء میں ہندوستان کے مختلف حصوں ، پڑوسی علاقوں اور بیرون ملک سے زائد اَز تین لاکھ لوگوں نے شرکت کی۔ جے کے ٹی پی او کے سٹالوں نے انہیں آنے والے موسم سرما کے لئے کپڑے اور خشک میوہ جات خریدنے کی طرف راغب کیا۔ نمائش کنندگان نے بھی تقریب میں زبردست ردِّعمل پر خوشی اور اطمینان کا اِظہار کیا۔پی آئی ٹی ای ایکس، 2023ء میں 550 ملکی اور بین الاقوامی نمائش کنندگان نے شرکت کی جس میں 14 ہندوستانی ریاستوں اور پانچ بین الاقوامی شرکأ نے اَپنی مصنوعات کی نمائش کی۔اِس تقریب میں بعض ایشیائی ممالک کے ہائی کمشنروں، سفیروں اور تاجروں نے دورہ کیا۔ ایونٹ میں تنظیم کی نمائندگی ، ہاتھ سے تیار کردہ اشیاء اور روایتی خصوصیات کی متنوع رینج سے واقعی شاندار تھی۔اہم پُرکشش مقامات میں بسوہلی پشمینہ شال، کانی اور سوزنی کپڑے اور سٹول، خشک میوہ جات اور خشک سبزیاں، عالمی شہرت یافتہ کشمیری زعفران، پھرن اور پیچیدہ کشمیری نمونوں کے ساتھ ہاتھ سے کڑھائی والے کپڑے، جموںخطے سے شہد اور راجماش، ہاتھ سے بنے کھلونے وغیرہ شامل تھے۔پنجاب کے مقامی میڈیا نے متعدد فروخت کنندگان کے ساتھ رابطہ کیا جنہوں نے اپنی کامیابی کی داستانوں کا اشتراک کیا اور حکومت جموں و کشمیر کی طرف سے انہیں فروغ اور ذریعہ معاش میں اضافے کے لئے ملنے والے تعاون کو اُجاگر کیا ۔