عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اننت ناگ میں گورنمنٹ میڈیکل کالج(جی ایم سی)کے ایک سابق سینئر ڈاکٹر کے لاکر سے ایک اے کے 47 رائفل برآمد ہوئی۔ پولیس نے جمعہ کو بتایا کہ سرینگر پولیس نے جوائنٹ انٹروگیشن سینٹر (جے آئی سی)اننت ناگ کی مدد سے کالج کے احاطے میں ہتھیار کو ضبط کیا اور اس شخص کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا ۔ڈاکٹر کی شناخت عادل احمد راتھر ولد عبدالمجید راتھرساکن قاضی گنڈ کے طور کی گئی ہے۔ وہ 24 اکتوبر 2024 تک جی ایم سی اننت ناگ میں سینئر ریذیڈنٹ ڈاکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔حکام کے مطابق اے کے 47 رائفل کو جی ایم سی اننت ناگ میں ڈاکٹر راتھر کے ذاتی لاکر سے بر آمد کیا گیا ۔ زیر حراست ڈاکٹر اور ضبط شدہ رائفل دونوں اب سرینگر پولیس کی تحویل میں ہیں۔پولیس نے بتایا ہے کہ بازیابی کے سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں آرمس ایکٹ کی دفعہ 7/25 اور غیر قانونی سرگرمیاں(روک تھام)ایکٹ کی دفعہ 13، 28، 38 اور 39 کے تحت الزامات شامل ہیں۔سرینگر پولیس جے آئی سی اننت ناگ کے ساتھ ڈاکٹر سے پوچھ گچھ پر مرکوز ہیں۔حکام نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹر راتھر کو مزید تفتیش کے لیے حراست میں لیا جا رہا ہے اور انکوائری کے حصے کے طور پر تمام ضروری قانونی طریقہ کار پر عمل کیا جا رہا ہے۔رائفل کی اصلیت یا اسے ڈاکٹر کے لاکر میں کیسے رکھا گیا اس بارے میں کوئی اضافی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ تفتیش ابھی بھی جاری ہے اور کسی بھی روابط کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔