شوپیاں+پلوامہ//اننت ناگ پارلیمانی حلقہ میں تیسرے مرحلے کے انتخابات کے موقعہ پر 6مئی کو پلوامہ اور شوپیاں اضلاع کے تمام پولنگ مراکز کی نشاندہی کرنے کے ساتھ ساتھ ملحقہ علاقوں میں سیکورٹی فورسز کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔ پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں قائم ہونے والے پولنگ مراکز کو پہلے ہی انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے اور دونوں اضلاع میں 695مراکز میں سے کئی پولنگ بوتھوں پر فورسز کو بٹھادیاگیا ہے۔ پلوامہ کے کئی علاقوں سے اطلاعات آرہی ہیں کہ فورسز کی ایجنسیوں نے پولنگ مراکز کے باہر باضابطہ طور پر مورچے قائم کردیئے ہیں جبکہ دونوں اضلاع کے ڈگری کالجوں اور متعدد ہائر سکینڈری سکولوںکے علاوہ سرکاری عمارات میں قریب 100فورسز کمپنیوں کو تیار رکھا گیا ہے۔ شوپیاں، وچی، پلوامہ، پانپور اور ترال میں خصوصی طور پر فورسز کی گشت بڑھا دی گئی ہے اور گزشتہ 3روز سے دن اور رات میں فورسز کی مختلف ایجنسیاں انتہائی متحرک دکھائی دے رہی ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 5روز کے دوران شوپیاں اور پلوامہ میں ایسے61نوجوانوں کو پہلے ہی حراست میں لیا جاچکا ہے جو پولیس کی نظرو ں میں پولنگ کے روز کسی امکانی گڑبڑ کے مرتکب ہوسکتے تھے۔ اس کے علاوہ دونوں اضلاع میں ایسے تمام نوجوانوں کو متعلقہ پولیس تھانوں میں5مئی کو ہی طلب کرلیاگیا ہے جو 2016عوامی ایجی ٹیشن کے بعد مختلف اوقات میں گرفتار کئے گئے تھے لیکن بعد میں انہیں چھوڑ دیا گیا۔