سرینگر//پولیس نے ممبر اسمبلی انجینئر رشید کو حامیوں سمیت حراست میں لیا۔وزیر اعظم ہند کی کشمیر آمد پرمیونسپل پارک جواہر نگر سے انجینئر رشید کی سربراہی میں مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ ، کالے جھنڈے اور بینر اٹھائے ہوئے تھے اور’’ سیکورٹی فورسز کی زیادتیوں اور ہندوستان کی طرف سے کشمیر مسئلہ کے حل سے مسلسل انکار‘‘ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ایس کے آئی سی سی کی طرف مارچ شروع کیا ۔ احتجاج کے طور پر اس موقعہ پر فضا میں کالے غبارے چھوڑ دئے گئے ۔ احتجاج میں شامل اراکین جونہی راجباغ پہنچے توپولیس نے انجینئر رشید ، ذیشان پنڈت، پرنس پرویز، ڈاکٹر باری نائک سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کرکے راجباغ تھانے میں نظر بند کر دیا۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا ’’ نریندر مودی کشمیر میں جھوٹی موٹی باتیں کرکے ہندوستانی عوام کے ساتھ ساتھ پوری عالمی برادری کو گمراہ کر رہے ہیں ‘‘۔ انہوں نے کہا ’’جس طرح پولیس ، فوج، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کو کشمیر میں طاقت آزمائی کی پوری چھوٹ دی گئی ہے اس سے نریندر مودی کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں ۔انہوں نے کہا’’ وزیر اعظم کو سمجھنا ہوگا کہ الفاظ کا جادو چلا کر زمینی حقائق تبدیل نہیں ہو سکتے اور جب تک ہندوستان رائے شماری کا وعدہ پورانہیں کرتا تب تک ریاست میں امن خواب کے سوا کچھ بھی ثابت نہیں ہوگا‘‘۔انجینئر رشید نے وزیر اعظم ہند نریندر مودی کی ایس کے آئی سی سی میں کی گئی تقریر کو گمراہ کن اور حقائق کو مسخ کرنے کی ناکام کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے جنگجوئوں کو گمراہ نوجوان کہہ کر بہت بڑا جھوٹ بولا ہے