بھدرواہ //گوجری مشاعرے کی پُرانی روایت کو برقرار رکھنے اور گوجری زبان کی رسائی نوجوانوں میں پہنچانے کے لئے انجمن ترقی گوجری ا دب کی جانب سے سنیچر کے روزگورنمنٹ ڈگری کالج بھدرواہ میں ایک محفل موسیقی کا اہتمام کیا گیا ۔پروگرام میں نامور گوجری شعرا کے علاوہ نامور گائیکا شبینہ چودھری نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر ایس ڈی ایم گندو دل میر چودھری مہمان خصوصی تھے،جبکہ اے ایس پی بھدرواہ راجندر سنگھ اور تحصیلدار مسعود احمد مہمان ذی وقار تھے۔نظامت کے فرائض گوجری شاعر جان محمد حکیم نے انجام دئے ۔ بھدرواہ میں پہلی مرتبہ گوجری مشاعرہ منعقد کیا گیا ہے، تاکہ پُرانی روایت کو بحال کیا جا سکے۔جس میں لوگوں نے کافی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں جان محمد نے شعرا اور موسیقاروں کا پروگرام میں شرکت کرنے پر انکا اظہار تشکُر کیا اور کہا کہ اس سے ودی چناب میں ادبی کاروائیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔انجمن کے صدر کھکان سجاد نے پروگرام میں شرکت کرنے پر شرکا کا قلیل مدت میں قابل ستائش کارکر دگی انجام دینے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ہم گوجری ادب کو وسیع کرنے اور اسکو پھیلانے میں کوشان ہیں اور آج کا مشاہرہ ہماری ان کاوشوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ گائوں کے عام لوگوں کا مشاہرہ میں شرکت کرنے سے حوصلہ افزائی ہوئی ہے،جس سے ہمیں اپنی مشکلات کو بھول جانے اور نئے سرے سے گوجری ادب کو فروغ دینے کے لئے کام کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ایس ڈی ایم گندو دلمیر چودھری اپنے خطاب میں کہا کہ میرے لئے گوجری موسیقی، ادب اور شاعری کو سننا باعث فخر ہے اور میرا یہ ماننا ہے کہ اس مشاعرے کے دو رس نتائج برآمد ہونگے اور اس سے قدیم روایت کو بحال کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ انجمن ترقی گوجری ادب کی کاوشوں نے پھل دینا شروع کیا ہے ،حالانکہ ابھی بھی منزل بہت دور ہے۔مشاعرے میں شبینہ چودھری کے علاوہ نامور گوجری شعرا بشمول شفت شاہین، خُدا بخش خیالی، صابر سامبری،عبدالقیوم بیتاب، بشارت نازک، محمد حنیف چراغ، عیش علی ،روبینہ اورپارٹی اور عائشہ بانو اور نور محمد نے بھی شرکت کی ۔