منشیات کے قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے مشترکہ مہم کا انعقاد
زاہدبشیر
گول// گول مارکیٹ میں منشیات کے کنٹرول سے متعلق قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ایک مشترکہ معائنہ مہم چلائی گئی۔اس مہم میں تحصیلدار گول ہر جیت سنگھ، نائب تحصیلدار انتخاب احمد، ڈرگ انسپکٹر امتیاز احمد، اور پولیس سب انسپکٹر روہت شرما شامل تھے۔معائنہ کے دوران ٹیم نے ادویات کی دکانوں کے لائسنس، سٹاک رجسٹر، دواؤں کی میعاد ختم ہونے کی تاریخیں، اور دیگر قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کی مکمل جانچ کی۔ دکانداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ درست ریکارڈ رکھیں، معیاری اور اصلی ادویات کی دستیابی یقینی بنائیں، اور بغیر درست نسخے کے نفسیاتی (نشہ آور) ادویات کی فروخت سے گریز کریں۔یہ مہم عوامی صحت کے تحفظ، ادویات کے کاروبار میں شفافیت و جواب دہی کو فروغ دینے، اور شہریوں کو محفوظ و معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے مقصد سے چلائی گئی۔معائنہ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ تمام میڈیکل دکانیں درست لائسنس اور ضروری دستاویزات کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ کوئی بھی غیر لائسنس یافتہ دکان نہیں پائی گئی اور نشہ آور ادویات کی غیر قانونی فروخت کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔