جموں//حکومت نے متعدد کے اے ایس افسران کے تبادلے اور تقرریاں عمل میں لاتے ہوئے راہل شرما کو جموں وکشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کا نیا چیئرمین بنایا ہے۔ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری حکمنامہ کے مطابق چیئرمین جموں وکشمیر سروسز سلیکشن بورڈ زبیر احمد کو تبدیل کرکے سیکریٹری محکمہ کلچر تعینات کیاگیاہے جبکہ ڈیویژنل کمشنر جموں کے دفتر میں ایڈیشنل کمشنر راہل شرما کو جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کا چیئرمین بنایاگیاہے۔اسی طرح سے کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن پنکج مگوترہ کو تبدیل کرکے ڈیویژنل کمشنر جموں کے دفتر میں ایڈیشنل کمشنر تعینات کیاگیاہے جن کی جگہ وائس چیئرمین جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی اضافی طور پر میونسپل کارپوریشن جموں کے کمشنر کا عہدہ سنبھالیں گے ۔حکومت نے ایک اور حکمنامہ جاری کرتے ہوئے جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن کشمیر محمد اشرف کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اونتی پورہ بنایاہے جن کی جگہ جوائنٹ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن (سنٹر ل )کشمیر عابد حسین محکمہ انفارمیشن کے جوائنٹ ڈائریکٹر کا اضافی عہدہ سنبھالیںگے۔اسی طرح سے جنرل منیجر ڈی آئی سی اننت ناگ بلال خورشید کو جوائنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن (سائوتھ)کشمیر جبکہ سیکریٹری سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی طاہر اعجاز کواپنے ہی عہدہ پر اور سیکریٹری جموں و کشمیر لیکس و واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی سمیرہ شمیم کو ڈپٹی الیکشن افسر گاندربل تعینات کیاگیاہے جن کی جگہ کلکٹر جموں وکشمیر لیکس و واٹر ویز اتھارٹی محمد سعید خان اضافی چارج سنبھا لیں گے۔حکومت نے ڈپٹی ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز کشمیر عبدالحمید زرگر کو ڈپٹی الیکشن افسر کپوارہ تعینات کیاہے اوران کاپرانا عہدہ چیف ایگزیکٹو افسر اربن ڈیولپمنٹ ایجنسی پیرمنظور احمداضافی طور پر سنبھالیں گے۔اسی طرح سے ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ خوراک، شہری رسدات و امورصارفین جموں جوگیندر سنگھ جسروٹیہ کوسب ڈیویژنل مجسٹریٹ بنی، ڈپٹی الیکشن افسر اننت ناگ دلشادہ اختر کو پروجیکٹ منیجر آئی ڈبلیو ایم پی اننت ناگ ، سب ڈیویژنل مجسٹریٹ بنی وشواجیت سنگھ کو ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ خوراک، شہری رسدات و امورصارفین اور سیکریٹری سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی سید نذیر احمد کو تبدیل کرکے ڈپٹی الیکشن افسر اننت ناگ تعینات کیاگیاہے۔