سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ بی جے پی ملک میں ہونے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے کشمیر کارڈ کا استعمال کررہی ہے۔ڈاکٹر فاروق نے ایک انٹرویومیں کہاہے کہ بی جے پی الیکشن جیتنے کیلئے کشمیر کا استعمال کر رہی ہے۔فاروق عبداللہ نے کہاکہ بی جے پی کسی بھی قیمت پر لوک سبھا انتخابات جیتنا چاہتی ہے،اوراس کیلئے وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کیلئے تمام حربے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ لوگ کئی معاملات پرہندوئوں اور مسلمانوں کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوشش میں ہیں جس سے صاف ظاہر ہوتاہے کہ یہ لوگ فرقہ وارانہ ہم آہنگی نہیں چاہتے۔ڈاکٹرفاروق نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ ان حالات سے ہندوستان کے دانشمند شہری اور قیادت نمٹ لے گی، ورنہ ملک کو زبردست خطرہ لاحق ہو جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مجھے لگتا ہے کہ ملک کو باہر سے نہیں بلکہ اندر سے زیادہ خطرہ ہے۔پلوامہ حملہ سے متعلق ڈاکٹر فاروق نے کہا’’ جہاں تک پاکستانی حکومت کا سوال ہے میں کچھ نہیں کہہ سکتا کہ وہ کیا چاہتی ہے! لیکن اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ جیش محمد کے ملی ٹینٹ یہاں فعال ہیں اور پلوامہ جیسے حملے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دراصل یہ لوگ (جیش محمد) آنے والے وقت میں بی جے پی کو مضبوط کرنے کا کام کر رہے ہیں‘‘۔ڈاکٹر فاروق نے کہا’’ میں نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی طرف سے بلائی گئی پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ میں بھی یہ بات کہی تھی، میں نے کہا تھا کہ ایسا سوچنا بے وقوفی ہے کہ ملی ٹنسی ختم ہو گئی اور اب کبھی سر نہیں اٹھائے گی، کشمیر میں ملی ٹنسی تبھی ختم ہو سکتی ہے جب مسئلہ کا سیاسی حل نکالا جائے‘‘۔