بین ضلعی چیک پوائنٹس قائم ،فورسز و پولیس کی بھاری نفری تعینات، گشت میں اضافہ
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سرینگر پارلیمانی نشست کیلئے سنیچر کی شام 5بجے چناوی مہم کا اختتام ہوگیا۔اس حلقے میں24امیدوار میدان میں ہیں۔حلقے میں18اپریل کو الیکشن نو ٹیفکیشن جاری کی گئی۔25اپریل فارم بھرنے کی آخری تاریخ تھی، 26 اپریل جانچ پڑتال کی گئی اور 29 اپریل تک نام واپس لینے کی آخری تاریخ تھی۔ حلقے میں17 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔یوں اس حلقے میں 25روز کیلئے انتخابی مہم چلانے کا وقت دیا گیا۔2019میں صرف 20روز کا وقفہ دیا گیا تھا۔کشمیر کے انسپکٹر جنرل وی کے بردی نے جمعہ کو کہا کہ کشمیر انتخابات کے لئے وسیع حفاظتی انتظامات کو عملی شکل دیکر بین ضلعی چیک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ پرامن پولنگ اور ووٹرز کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “جو بھی لازمی حفاظتی انتظامات کی ضرورت تھی، ان کا خیال رکھا گیا ہے۔”آئی جی پی نے کہا کہ پولیس نے مرکزی فورسز کے ساتھ مل کر بین الاضلاع چیک پوائنٹس کو اپ گریڈ کیا ہے اور علاقے کے تسلط کو مزید تقویت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر میں انتخابات کے تینوں مراحل کے دوران پرامن ماحول کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کی تعیناتی الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی)کے مقررہ فارمیٹ کے مطابق کی گئی ہے۔انہوں نے کہا “ہم الیکشن کمیشن کے رہنما خطوط پر عمل کر رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ حفاظتی انتظامات فول پروف ہوں،” ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں امن دشمن عناصر کی سرکوبی کو یقینی بنانے کے لیے چھاپہ مار کارروائیوں اور علاقے پر تسلط کو مزید تیز کیا جائے گا۔سری نگر لوک سبھا حلقہ میں پیر (13 مئی)کو انتخابات ہوں گے، اس کے بعد بالترتیب 19 مئی اور 25 مئی کو شمالی کشمیر اور جنوبی کشمیر کی نشستیں ہوں گی۔ سرینگر پارلیمانی حلقہ میں 17,43,845 رجسٹرڈ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں جن میں 8,73,426 مرد 8,70,368 خواتین اور تقریباً 51 خواجہ سرا ہیں۔ سرینگرپارلیمانی حلقہ میں گاندربل ضلع کے 2 اسمبلی حلقے کنگن اورگاندربل بھی شامل ہیں۔ اسکے علاوہ اسکے ساتھ، سرینگر کے 8 اسمبلی حلقے ،حضرت بل، خانیار، حبہ کدل، لال چوک،چھانہ پورہ، جڈی بل، عیدگاہ ،وسطی شالٹینگ کے علاوہ ضلع بڈگام کے 3 اسمبلی حلقے،خان صاحب، چرار شریف اور چاڈورہ، ضلع پلوامہ کے 4 اسمبلی حلقے پانپور،ترال،پلوامہ اور راج پورہ اور ضلع شوپیان کا اسمبلی حلقہ شامل ہے۔سرینگر پارلیمانی حلقہ کے تمام 18 اسمبلی حلقوں میں 1323 نامزد مقامات پر 2135 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں گاندربل ضلع کے دو اسمبلی حلقوں میں 260 پولنگ اسٹیشن، سرینگر کے آٹھ اسمبلی حلقوں میں 929 پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔ ضلع بڈگام کے تین اسمبلی حلقوں میں 345، ضلع پلوامہ کے 4 اسمبلی حلقوں میں 479 پولنگ اسٹیشن اور ضلع شوپیان کے ایک اسمبلی حلقے میں 122 پولنگ سٹیشن ہیں۔