یواین آئی
اناؤ//اترپردیش کے ضلع اناؤ کے بہیٹا مجاور علاقے میں بدھ کی ٹرک اور پرائیویٹ بس کی ٹکر میں 18افراد کی موت ہوگئی جبکہ دیگر 19 زخمی ہوگئے۔ڈی ایم گورانٹھی راٹھی نے بتایا کہ بدھ کی صبح تقریباً سوا پانچ بجے آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے پر تیز رفتار پرائیویٹ بس اور دودھ کے ٹینکر میں ٹکر ہوگئی۔ اس حادثے میں18افراد کی موت ہوگئی جبکہ دیگر 19 شدید طور سے زخمی ہیں جن کا علاج چل رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سردست بس کی رفتار کو حادثے کی وجہ بتایا گیا ہے حالانکہ حادثے کی وجوہات کا پتہ لگایا جائے گا۔وزیرا علی یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایکس پر لکھا’’ ضلع اناؤ میں سڑک حادثے میں ہوئے جانی نقصان دکھا تکلیف دہ ہے ، میری ہمدردیاں مغموم اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ضلع انتظامیہ کے افسران کو موقع پر پہنچ کر راحت رسانی میں تیزی لانے کی ہدایت دی گئی ہے‘‘۔پولیس کے مطابق تقریبا05:15 بجے تھانہ بہٹا مجاور علاقے کے آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے سنگ میل 247 پر یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بہار سے دہلی جارہی ڈبل ڈیکر بس نے پیچھے سے دودھ سے بھرے ٹینکر کو ٹکر مار دی جس سے 18افراد کی موت ہوگئی۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر سبھی زخمیوں کو باہر نکال کر علاج کیلئے سی ایچ سی بانگر مئو میں داخل کرایا ہے۔ اور لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہیں۔بس میں سوار مسافروں کی چیخ و پکار سن کر راہ گیروں نے واقعہ کی جانکاری تھانہ پولیس کو دی ۔ اطلاع ملنے کے بعد سرکل افسر بانگر مئو اروند کمار انسپکٹر راج کمار بھاری پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ جہاں انہیں یوپیڈا کے ساتھ ریسکیو کرا کر زخمیوں کو نکلوایا اور علاج کے لئے سی ایچ سی میں داخل کرایا۔
مودی اور کھڑگے کا اظہار افسوس
مرنے والوں کو 2لاکھ ،زخمیوں کو 50ہزاردینے کا اعلان
یواین آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے اناؤ حادثے کو تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کو دودو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ۔ مودی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں کہا’’ سڑک حادثہ کافی تکلیف دہ ہے ۔اس حادثہ جن لوگوں نے اپنوں کو کھویاہے ، ان کے تئیں گہری تعزیت کا اظہارکرتاہوں۔ ایشور انہیں اس مشکل وقت میں طاقت دے ۔اس کے ساتھ ہی میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگوہوں ۔ریاستی سرکار کی دیکھ ریکھ میں مقامی انتظامیہ متاثرین کی ہرممکن مددفراہم کرنے میں مصروف ہے ۔وزیر اعظم کے دفتر نے کہا کہ وزیر اعظم نے حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کو وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے دو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔