بانہال // تحصیل کھڑی کے ناچلانہ علاقے میں مرکزی جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام مرکز تعلیم القرآن والسنہ ناچلانہ کاپچیسواں سالانہ دستار بندی بعنوان امن عالم میں مدارس اسلامیہ کا کردار کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، جس میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ دنیا اس وقت اخلاقی انحطاط اور انسانی کشمکش کی شکار ہے انسانیت موت کی دہلیز پر سسکتی نظرآتی ہے ہر سو ظلم جبر لوٹ مار اور عزتوں سے کھلواڑ روز کا معمول بن چکا ہے اس میں شرک وغرب سے ناامید ہو کر صرف اور صرف اسلامی تعلیمات ہی انسانیت کی نجات دھندہ اور مدارس اس کے گہوارے نظر آتے ہیں ان خیالات کا اظہار صدر جمعت اہلحدیث جموں و کشمیر غلام محمد بٹ المدنی اور جنرل سیکرٹری جمعت ڈاکٹر عبد اللطیف الکندی اور دیگر علماء کرام نے اپنے خطابات میں کہا اسلام دین فطرت ہے اور یہی دین فطرت ہمارے بگڑے معاشرے اور دنیا کو امن، ترقی اور کامیابی کی طرف لے سکتا ہے ۔ ناظم اعلی ڈاکٹر عبدالطیف الکندی نے کہا کہ اسلامی مدارس میں جو اعلی تعلیم بچوں کو دی جاتی ہے اس میں تحفظ انسانیت ، تحفظ دین ،تحفظ عقل تحفظ نفس اور تحفظ مال کی واضع قانون سازی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرور ت ہے کہ ان تعلیمات کو عام کیا جائے تاکہ دنیا امن کا گہوارہ بن سکے اور عالم انسانیت کو اپنے حقوق مل سکیں۔ انہوں نے کہاکہ صف نازک کی عزت داؤپر لگی ہے اور آج پانچ سالہ بچیوں کی عزتیں بھی محفوظ نہیں جس کی وجہ سے انسانیت کو بار بار شرمسار ہونا پڑرہا ہے اس لئے فوری طور کتاب وسنت کی تعلیمات کو عام کرکے انسانیت کے تحفظ عالیہ کی ترویج اور نسل نوکی بقا کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں مولانامبشر احمد شیخ ولد تنویر احمد شیخ کی صدر جمعیت کے ہاتھوں دستار بندی کی گئی جبکہ کانفرنس میں مولانا محمد یعقوب بابا المدنی ،مولانا جمالدین الاثری ، مولانا مشتاقِ احمد ویری مولانامحمد رمضان بٹ المدنی ، مولانا عبدلقیوم سراجی ، مولانا محمد یوسف سلفی، مولانا عبدالرحمان بزلوی ،مولانا ظہور احمد سلفی اور مولانا نذیر احمد المدنی کے علاوہ دیگر علماء کرام نے خطاب کیا آخر میں کانفرنس میں مشہور صحافی بشارت بشیر نے بھی کانفرنس کو اپنی شعلہ بیان سے رونق بخشی اور مدرسہ کے منتظمین نے شرکا کا شکریہ آدا کیا ۔