ترال //املر ترال میں سنیچر کی اعلی الصبح ایک پر اسرار دھماکہ ہوا جس سے ایک مکان کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔قصبہ ترال سے تقریباً8کلومیٹر دوراملر نامی گائوں سے گزر نے والی املر شرسو سڑک کے ایک طرف جنگجوئوں نے ایک بارودی سرنگ زیر زمین چھپائی تھی جو سنیچر کی صبح3بجے پھٹ گئی۔ اس وقت زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی اور زمین ہل گئی۔ اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم دھماکے کی جگہ کے نزدیک مکانوںکے شیشے چکنا چور ہوئے۔دھماکے سے سڑک پر بہت بڑا گڈھا بن گیا ہے ۔مقامی آبادی کا مزید کہنا تھا کہ سنیچر کی صبح پولیس اور فورسز کی ایک ٹیم علاقے میں آئی جنہوں نے جگہ کا معائنہ کر کے تلاشی کارروائیوں شروع کی تاہم اس دوران علاقے سے کوئی بھی قابل اعتراض چیز برآمد نہیں کی اور نا ہی کسی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔