سرینگر//یو ایس اسمبلی نئی دہلی کے فسٹ سیکرٹری اکنامک کی ایک ٹیم کے دو ممبران نے یہاں وزیر مملکت برائے سیاحت ، تعلیم ، تکنیکی تعلیم ، کلچر ، باغبانی ، پھول بانی اور پارکس پریا سیٹھی سے ملاقات کی ۔ میٹنگ کے دوران ریاست جموں کشمیر میں بین الاقوامی سیاحوں کیلئے سیاحتی مراکز کو ترقی دینے اور تعلیم کے میدان میں اشتراک کرنے کے معاملات زیر بحث آئے ۔ وزیر نے ریاست میں سیاحت کے شعبے پر بات چیت کرتے ہوئے فسٹ سیکرٹری سے التماس کی کہ وہ ریاست جموں کشمیر آنے والے سیاحوں پر ایڈوائیزری کو ختم کر کے جرمنی جیسے ممالک کے طرز پر سیاحت کو فروغ دیں ۔ ”پروٹیکٹڈ ایریا پرمٹ“ میں نرمی لانے پر زور دیتے ہوئے پریا سیٹھی نے لداخ اور نوبرا وادی کے علاقوں میں سیاحوں کی آمد کو خیر مقدم کیا ۔ تعلیم کے فروغ کے بارے میں پریا سیٹھی نے فسٹ سیکرٹری پر زور دیا کہ وہ ریاستی یونیورسٹیوں اور امریکن یونیورسٹیوں کے طلاب /فیکلٹی کے ایکسچینج پروگرام کی حوصلہ افزائی کریں تا کہ علم ، تمدن اور ثقافت کا دونوں ملکوں کے درمیان تبادلہ یقینی بنے ۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کو مختلف تمدنوں کے بارے میں جانکاری کی بدولت دونوں ملکوں کے رشتوں میں مضبوطی اور دوستانہ ماحول پیدا کرنے میں مدد ملے گی ۔ فسٹ سیکرٹری نے ریاست کے دورے پر آنے کے تجربات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ریاستی وزیر کی تمام گذارشات پر غور کیا جائے گا اور اُمید ظاہر کی کہ ریاست جموں کشمیر کے ساتھ مثبت تعلقات مستقبل میں قایم رہیں گے ۔