سرینگر// نئی دہلی میں امریکی سفارتخانہ کے چار ارکان پر مشتمل وفد جس کی قیادت مارک ٹیسون کر رہے تھے، نے یہاں جموں وکشمیر قانون سازا سمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ کے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران ریاست کی ثقافتی، سیاسی، سماجی اور اقتصادی ترقی سے جڑے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر نے وفد کو قانون ساز اسمبلی کے مختلف شعبوں اور اسمبلی سیکرٹریٹ کی کمیٹیوں کے کام کاج کے بارے میں جانکاری دی۔ ڈاکٹر سنگھ نے انہیں ایوان کی کاروائی کے مختلف پہلوؤں سے بھی روشناس کرایا۔سپیکر نے انہیں جموں، کشمیر اور لداخ خطوں کی سماجی و اقتصادی اور جغرافیائی حالت کے بارے میں جانکاری دی۔ ڈاکٹر سنگھ نے اُن اقدامات کے بارے میں بھی وفد کو باور کرایا جو موجودہ حکومت تینوں خطوں میں امن، اخوت اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے کے لئے اُٹھارہی ہے۔دیگر معاملات کے علاوہ زوجیلہ ٹنل، پاور پروجیکٹ، تعلیمی منظر نامے اور سڑک رابطے بھی زیر غور لائے گئے۔