یواین آئی
واشنگٹن// امریکہ، غزّہ کی پٹّی پر 7 اکتوبر سے جاری حملوں کے دوران، اسرائیل کو 6.5 بلین ڈالر کی سکیورٹی امداد فراہم کر چکا ہے۔ترک میڈیا کے مطابق روزنامہ دی واشنگٹن پوسٹ نے نام کو پوشیدہ رکھتے ہوئے ایک امریکی شخصیت کے حوالے سے جاری کردہ خبر میں کہا ہے کہ امریکہ، غزّہ پر حملوں کے لئے، اسرائیل کو بھاری مقدار میں امداد فراہم کررہا ہے۔مذکورہ امداد کی مقدار رواں ہفتے کے دورہ واشنگٹن کے دوران وزیر دفاع یوآف گالانت کی زیر قیادت اسرائیلی وفد کے اپنے امریکی ہم منصبوں کے ساتھ مذاکرات میں سامنے آئی ہے۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیل کو فراہم کی گئی 6.5 بلین ڈالر کا نصف حصّہ ماہِ مئی میں، لبنانی سرحد پر حزب اللہ کے ساتھ جنگ کے خطرے میں اضافے کے دنوں میں، فراہم کیا گیا ہے۔خبر میں کہا گیا ہے کہ گالانت کی زیرِ قیادت اسرائیلی وفد نے اپنے امریکی ہم منصبوں کے ساتھ غزّہ میں فائر بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے مذاکرات کے ساتھ ساتھ “اگلے دن” کے نام سے معنون جنگ کے بعد کے سیناریو پر بھی بات چیت کی ہے۔