تل ابب// امریکا نے کہا ہے کہ شام سے اپنی فوجیں واپس بلانے سے قبل اسرائیل کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے گا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی مشیر قومی سلامتی جان بولٹن نے اسرائیل کو اپنی حمایت کا مکمل یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کے شام سے انخلاء میں اسرائیل کی سیکیورٹی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔مشیر قومی سلامتی نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام سے امریکی فوجیوں کا انخلاء داعش کے مکمل خاتمے اور دوبارہ سر نہ اْٹھانیکی ضمانت پر ہوگا۔جان بولٹن کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے اتحادیوں کو غیر محفوظ حالت میں چھوڑ کر شام سے نہیں جائے گا۔ اسرائیل اور کرد جنگجووں کے مکمل تحفظ کا انتظام کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔جان بولٹن نے مزید کہا کہ کرد جنگجو شام میں امریکی حمایت یافتہ فورس کا حصہ تھے اس لیے انخلاء سے قبل ترکی کو داعش کے خلاف برسرپیکار کرد جنگجووں کے تحفظ کی بھی ضمانت دینا ہوگی جنہیں امریکا کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گا۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن چار روزہ دورے پر تل ابیب پہنچے جہاں سے وہ ترکی کے لیے روانہ ہوں گے۔ دورے کا مقصد شام سے امریکی فوجیوں کے انخلاء پر حکمت عملی طے کرنا ہے۔