عظمیٰ نیوز سروس
واشنگٹن//امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک جنرل اسٹور پر فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 4زخمی ہوگئے ، فائرنگ ایک مقامی جنرل اسٹور پر کی گئی، پولیس نے مبینہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے ۔ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے بتایا کہ 17سالہ ملزم نے معمولی جھگڑے پر جنرل اسٹور پر فائرنگ کی تھی، واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔ادھر امریکہ کے شہر پٹسبرگ کے قریب یو ایس اسٹیل کے ایک پلانٹ میں ہونے والے متعدد دھماکوں میں 2 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے ۔کمپنی اور مقامی حکام نے بتایا کہ یہ دھماکے کلیئرٹن کوک ورکس میں ہوئے ، جو موناگاھیلا دریا کے کنارے قائم ایک بڑے صنعتی کمپلیکس کا حصہ ہے ۔دھماکے مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے سے کچھ پہلے ہوئے ، فائر فائٹرز نے آگ اور گہرے دھوئیں پر قابو پانے کی کوشش کی جو پلانٹ سے بلند ہو رہا تھا، یہ پلانٹ یو ایس اسٹیل کی ملکیت ہے جو جاپانی کمپنی نِپون اسٹیل کی ذیلی ادارہ ہے ۔ابتدا میں 2 افراد لاپتہ بتائے گئے تھے ، دوپہر کی بریفنگ میں الیگینی کاؤنٹی پولیس کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ وکٹر جوزف نے بتایا کہ ایک شخص کو تلاش کر کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، یو ایس اسٹیل نے پیر کی شب ‘رائٹرز’ کو ای میل کردہ بیان میں کہا کہ دوسرا لاپتہ شخص طویل تلاش اور ریسکیو آپریشن کے بعد مردہ حالت میں ملا۔دھماکے کی وجہ کے بارے میں تاحال کچھ نہیں بتایا گیا، وکٹر جوزف نے کہا کہ اس واقعے کی تفتیش وقت طلب تکنیکی عمل ہوگی۔یو ایس اسٹیل کے صدر و سی ای او ڈیوڈ بَرِٹ نے ایک بیان میں کہا کہ کمپنی اس واقعے کی وجہ جاننے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ کام کر رہی ہے ۔پنسلوانیا کے گورنر جاش شیپیرو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ پلانٹ میں متعدد دھماکے ہوئے ہیں اور ان کی انتظامیہ مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔