جنیوا // امریکا کے صدر جوبائیڈن نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوتن سے پہلی بالمشافہ ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماوں نے تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں رہنماوں کے درمیان یہ ملاقات تقریباً 4 گھنٹے جاری رہی۔ پہلے دونوں رہنماوں نے ملاقات کی، جس کے بعد وفود کی موجودگی میں مذاکرات ہوئے۔ اس موقع پر دونوں صدور نے اپنے اپنے سفارت کار واپس بھیجنے اور سائبر حملوںکا معاملہ ماہرین کے سپرد کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے بعد بائیڈن نے پیوٹن کے انداز کو مثبت قرار دیا، جب کہ روسی صدر نے بھی ملاقات کو تعمیری قرار دیا۔ امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن اور دیگر اعلیٰ حکام بھی امریکی صدر کے ساتھ تھے، جب کہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف اور دیگر اعلیٰ حکام صدر پیوٹن کے ساتھ موجود تھے۔ جنیوا پہنچنے پر سوئس صدر نے دونوں رہنماوں کا استقبال کیا۔