عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی)نلین پربھات نے پیر کو جنوبی کشمیر میں موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے اور آئندہ امرناتھ یاترا2026 کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں فوج کی وکٹر فورس، سی آر پی ایف، بی ایس ایف، آئی ٹی بی پی، اور جموں و کشمیر پولیس سمیت جنوبی کشمیر میں تعینات مختلف سیکورٹی فارمیشنوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ متعلقہ اضلاع کے سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس ایس پیز)نے بھی شرکت کی اور موجودہ سیکورٹی ماحول، انسداد ملی ٹینسی کے اقدامات، اور سالانہ یاترا کیلئے کئے جانے والے انتظامات کے بارے میں تفصیلی جائزہ پیش کیا۔
میٹنگ کے دوران، افسران نے ڈی جی پی کو دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز، علاقے کے تسلط کے منصوبوں، انٹیلی جنس کوآرڈینیشن، اور یاترا کے راستوں اور دیگر حساس مقامات پر قائم کیے جانے والے کثیر سطحی سیکورٹی فریم ورک کے بارے میں بتایا تاکہ یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔تمام سیکورٹی ایجنسیوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے، ڈی جی پی نلین پربھات نے تمام فورسز کے درمیان قریبی تال میل، انٹیلی جنس شیئرنگ، اور مشترکہ آپریشنل منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کو چوکس رہنے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک مضبوط سیکیورٹی گرڈ کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ڈی جی پی نے اس بات پر زور دیا کہ یاتریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور امرناتھ یاترا 2026 کے ہموار اور پرامن انعقاد کے لیے نگرانی میں اضافہ، اہلکاروں کی موثر تعیناتی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان بلاتعطل تال میل پر زور دیا۔انہوں نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو بھی سراہا اور تمام ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ سالانہ یاترا کے دوران محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ہم آہنگی کے ساتھ کام جاری رکھیں۔