محمد تسکین
بانہال// منگل کے روز ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف ٹریفک پولیس جموں ڈاکٹر حسیب مغل اور ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری کی قیادت میں ایس ایس پی رام بن انوج کمار ، ایس ایس پی ٹریفک روہت بسکوترا ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن ورن چاڑک اور نیشنل ہائے وے اتھارٹی کے حکام کے زمہ داروں پر مشتمل اعلیٰ سطحی ٹیم نے ضلع رامبن میں جموں سرینگر قومی کا دورہ کیا اور آئندہ میہنے سے شروع ہونے والی شری امرناتھ یاترا کے سمیت عام مسافروں ، سیاحت پر انے والے ہزاروں سیاحوں ، سیکورٹی اور ایمرجنسی سروسز کے حوالے سے اہم امورات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس کیلئے حتمی لائحہ عمل ترتیب دیا جارہا ہے۔ اس دورے کے دوران ناشری اور بانہال کے درمیان کم از کم ایک درجن مقامات پر گزشتہ مہینوں کی بارشوں کے بعد جموں سرینگر قومی شاہراہ کی تباہی حالی کو فوری طور پر بہتر کرنا اورقصبہ بانہال میں اکھڑ گئی شاہراہ کو بلیک ٹاپنگ کرنا مقصود تھا تاکہ عام ٹریفک خصوصاً شری امرناتھ یاترا 2024 کو خوش اسلوبی اور بلا خلل چلانے کیلئے حکمت عملی اور منصوبہ بندی کو طے کیا جائے ۔ شری امرناتھ یاترا جون کے آخری ہفتے میں شروع ہو رہی یے اور یاترا کا دورانیہ 52 دن پر محیط ہوگا۔اعلیٰ حکام کی اس ٹیم نے شری امرناتھ یاتریوں کے رکنے اور وقفہ کیلئے مخصوص بانہال کے لامبر گراونڈ کا بھی دورہ کیا جہاں یاترا کیلئے لنگر لگائے جا رہے ہیں اور طبیِ اور صاف صفائی کی سہولیات سمیت پانی بجلی ، ایمبولینس میسر رکھی جا رہی ہیں۔اس موقع پر کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چوہدری نے کہا کہ ناشری اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر شاہراہ کی خراب صورتحال کو ٹھیک کیا جارہا ہے تاکہ شری امرناتھ یاترا سمیت عام مسافروں ، بھاری تعداد میں سیاحوں اور ایمرجنسی سروسز کو معمول کے مطابق چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کی بہتری کے ساتھ ساتھ سیکورٹی چلینجز کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے تمام معاملات کو ملحوظ نظر رکھا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یاترا نواس چندر کوٹ سے بانہال تک یاترا کو روکنے کیلئے رہنے کی گنجائش میں اِضافہ کیا جائیگا تاکہ یاتریوں ، عام مسافروں اور سیاحوں کو خراب موسمی صورتحال کے ہیش نظر قیام کرایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام کام ضلع انتظامیہ رام بن ، نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا ، ایس ایس پی رام بن اور ایس ایس پی ٹریفک کے ساتھ ملکر مشترکہ ٹیم ورک کی صورت میں انجام دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناشری اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر شاہراہ کے خراب مقامات کو ٹھیک کرنے کیلئے ائندہ دنوں میں شاہراہ کو 48 گھنٹوں تک بند رکھکر ضروری کام کو انجام دیا جائیگا اور قصبہ بانہال میں شاہراہ پر میکڈم بچھایا جائے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں ڈپٹی کمشنر رامبن بصیر الحق چودھری نے کہا کہ قصبہ بانہال سے گزرنے والی پرانی شاہراہ باڈر روڈ آرگنائزیشن کی بیکن ونگ کے زیر کنٹرول ہے اور قصبہ بانہال میں شاہراہ پر تارکول بچھانے کا کام جلد ہی شروع کیا جائیگا اور اس کیلئے بارڈر روڈ آرگنائزیشن کے حکام سے بات چیت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصبہ بانہال میں شاہراہ کی بلیک ٹاپنگ اور ناشری اور بانہال کے درمیان سڑک کے خراب مقامات کو بہتر کرنے کیلئے 48 گھنٹوں تک ٹریفک کو بند رکھنے کا وقفہ لیا جائیگا تاکہ شاہراہ کے خراب مقامات کو ٹھیک کرکے ٹریفک کی روانی کو معمول کے مطابق چلایا جا سکے اور سفر کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش ہوگی۔