امرتسر// دسہرہ کی تقریب، تیز رفتار ٹرینوں کی زد میں آکر 50 افراد ہلاک ہوگئے ۔ امرتسر میں ریلوے ٹریک پر دسہرہ کی تقریب منانے والے سیکڑوں افراد مخالف سمت سے آنے والی 2 ٹرینوں کی زد میں آگئے، جس کے نتیجے میں 50 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔حادثے کے وقت سینکڑوں افراد ریلوے ٹریک کے قریب دسہرہ کے جشن میں شریک تھے اور راون کے پْتلے کو جلتا ہوا دیکھ رہے تھے کہ لوکل ٹرین نے ریلوے لائن پر کھڑے افراد کو کچل دیا۔حادثہ امرتسر اور ماناوالا کے درمیان 27 نمبر جودھا ریلوے پھاٹک پر ہوا۔ ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ ’مخالف سمت سے 2 ٹرینیں ایک ہی وقت میں آنے کی وجہ سے لوگوں کو بھاگ کر جان بچانے کا موقع نہیں مل سکا‘۔امرتسر پولیس کمشنر شری واستو نے بتایا کہ ’حادثے میں 50 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ، ہم لوگوں کو نکال رہے ہیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا‘۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ جائے حادثہ پر 700 سے زائد افراد موجود تھے جن میں سے تقریباً 60 افراد ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ ٹرین کی آمد سے متعلق کوئی الارم نہیں بجایا گیا تھا۔لوگوں نے کہا کہ ’دسہرہ کمیٹی اور ریلوے انتظامیہ حادثے کی ذمہ دار ہیں، انہیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے تھا کہ ٹرینوں کو روک دیا جاتا یا ان کی رفتار کم کی جا تی ‘ ۔ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے امرتسر حادثے پر شدید دکھ کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو بروقت امدادی کارروائیوں کی ہدایات جاری کیں۔بھارت کے صدر نے ٹوئٹ کیا کہ ’امرتسر میں ریلوے ٹریک پر حادثے کا سن کر دھچکا لگا، ریلوے اور مقامی حکام متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات کررہے ہیں'۔