سرینگر //گورنر این این ووہرا جو شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے چئیر مین بھی ہیں ، نے یاترا کیلئے جاری انتظامات کے جائیزے کیلئے طلب کی گئی میٹنگ کی صدارت کی ۔ دورانِ میٹنگ سی ای او شرائین بورڈ نے انہیں مطلع کیا کہ قریباً دو لاکھ یاتریوں نے نامزد بنک شاخوں ، گروپ رجسٹریشن فیسلٹی اور ہیلی کاپٹر ٹکٹوں کی بُکنگ کے ذریعے شری امر ناتھ جی یاترا 2017 کیلئے قبل از وقت رجسٹریشن حاصل کی ہے ۔ یاتریوں کی رجسٹریشن یکم مارچ 2017 سے پنجاب نیشنل بنک ، جے اینڈ کے بنک اور یس بنک کی نامزد 437 شاخوں کے ذریعے کی گئی ہے جو 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں واقع ہیں ۔ رجسٹریشن کے رحجان سے ظاہر ہوتا ہے کہ یومیہ 1200 افراد یاترا کیلئے اپنی رجسٹریشن حاصل کر رہے ہیں ۔ یہ رجسٹریشن اتر پردیش ، مہاراشٹرا ، پنجاب ، مدھیہ پردیش ، گجرات ، دہلی ، ہریانہ ، راجستھان اور مغربی بنگال سے کی جا رہی ہے ۔ قبل از وقت رجسٹریشن براستہ پہلگام کو بالتل راستے پر ترجیح دی جا رہی ہے اور 143 گروپوں نے اب تک گروپ رجسٹریشن فیسلٹی کا استعمال کیا ہے جو خصوصی طور شرائین بورڈ کو فراہم کی جا رہی ہے ۔ سی ای او نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر ٹکٹوں کے کرایہ میں یاترا 2017 کیلئے کمی کے سبب بھاری تعداد میں یاتریوں نے قبل از وقت ٹکٹیں حاصل کی ہیں ۔ واضح رہے کہ یاترا 2017 کیلئے فی مسافر 1715 روپے نیل گراتھ۔ پنجترنی کیلئے اور 2950 پہلگام پنجترنی کیلئے مقرر کیا گیا ہے ۔ سی ای او نے ایک بار پھر یاتریوں کو شری امر ناتھ جی یاترا 2017 کیلئے اپنی قبل از وقت رجسٹریشن صرف نامزد بنکوں کی شاخوں سے ہی حاصل کرنے کیلئے کہا ہے ۔ اس ضمن میں یاترا 2017 کیلئے قبل از وقت رجسٹریشن کیلئے نامزد بنکوں و نامزد ڈاکٹروں ، طبی اداروں جو لازمی طبی سند جاری کرنے کے اہل ہیں ، کی فہرست شرائین بورڈ کی ویب سائیٹ http://www.shriamarnathjishrine.com. پر دستیاب ہے ۔