سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں آج مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور دیا جارہا ہے اور انہیں اُمید ہے کہ عمران خان اور مرکز میں بننے والی نئی حکومت مسئلہ کشمیر سمیت تمام حل طلب معاملات پر مذاکرات کی پہل کریں گی، اسی سے دونوں ممالک کے درمیان مضبوطی دوستی ہوگی اور ہمارے سر پر جو مصیبت ہے وہ بھی دور ہوجائے گی۔ پی ڈی پی ضلع صدر بارہمولہ و بانڈی پورہ اور انچارج کانسچونسی سوپور ارشاد رسول کار اور لولاب کے پی سی لیڈر عبدالرحیم وانی کی نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے کے سلسلے میں منعقد کی گئی تقریب کے موقعہ پرڈاکٹر فاروق نے کہا کہ مخلوط حکومت میں کام ڈھنگ سے نہیں ہوتا، متواتر مخلوط حکومتوں سے ریاست کو کافی نقصان اُٹھانا پڑا، ہم نے عمر کے دورِ حکومت میں بھی دیکھا، ہر ایک کام میں اڑچن آتی ہے، یہاں تک کہ عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی رکاوٹیں لائی جاتی ہیں۔ میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایک ہی جماعت کو بھر پور منڈیٹ دیں۔انہوں نے آسمان چھوتی ہوائی کرائیوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پارلیمنٹ میں اور متعلقہ وزیر کیساتھ یہ معاملہ اُٹھایا ہے اور مجھے خوشی اس بات ہے کہ گورنر نے یہ معاملہ وزیر اعظم کیساتھ اُٹھایاہے ۔ فاروق عبداللہ نے کہاکہ میں نے سرینگر جموں شاہراہ کا معاملہ بھی متعلقہ وزیر شری نتن گڈکری کیساتھ اُٹھایاہے۔