سرینگر//مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے عوام سے انتظامیہ کی طرف سے مشتہر کئے گئے بلدیاتی اور پنچائتی انتخابات سے قطعی طور لاتعلق رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارت فورسز و مقامی پولیس فورس کی مدد سے ریاستی عوام کی گردنوں پر ایک ایسا انتخابی عمل مسلط کرنے پر مصر ہے، جسے وہ بین الا قوامی سطح پر اپنے حق میں ایک عوامی فیصلے کے طور پر پیش کرنے کی ناکام کوشش کرتا ہے۔ مزاحمتی قیادت نے الیکشن ڈرامہ بازیوں کو رد کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل کی کوئی اعتباریت نہیں ہے جس میں لوگ اپنی مرضی اور آزادی سے شرکت کرنے پر آمادہ نہ ہوں۔مزاحمتی قیادت نے اس ابہام کو صاف کرتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں کشمیر میں تب تک کسی بھی الیکشن کا کوئی مسئلہ در پیش ہی نہیں ہے جب تک نہ لوگوں کو حق خود ارادیت واگزار کرکے اسی طرح آزادانہ طور پر اپنی مرضی سے فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔مزاحمتی قیادت نے مجوزہ بلدیاتی اور پنچائتی الیکشنوں کو ریاست کے مسلم اکثریتی کردار اور اسٹیٹ سبجیکٹ قانون کو ختم کرانے کا پیش خیمہ قرار دیتے ہوئے حریت پسند عوام کو بھارت کی چالوں سے خبر دار رہنے کی تاکید کی ہے۔ مزاحمتی قیادت نے کہا کہ بھارت پھوٹ ڈالو اور حکومت کرو جیسے ہتھکنڈوں کا سہارا لیتے ہوئے محرم ا لحرام کے متبرک ایام میں شیعہ سنی بھائی چارے اور اتحاد و اتفاق کے ماحول کو درہم برہم کرنے کی مزموم کوششیں کرنے سے بھی گریز نہیں کر سکتا ۔ اس ضمن میں علمائے کرام اور مبلغین پر دوہری ذمہ داری عائید ہوتی ہے کہ وہ اپنی ملی ذمہ داریوں کو بھانپتے ہوئے اتحاد و اتفاق اور آپسی بھائی چارے کو ہر قیمت پر بر قرار رکھنے کی کوشش کریں۔ مزاحمتی قیادت نے معرکہ کربلاء کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ امام حسینؓ نے اپنی شہادت عظمیٰ سے دنیا بھر کے مظلومین کے لیے ایک مثال قائم کرتے ہوئے کسی بھی ظالم کے سامنے سر جھکانے کے بجائے سر کٹانے سے پس و پیش نہ کیا ۔