کٹھوعہ //آزادانہ اور منصفانہ انتخابات یقینی بنانے کی غرض سے اودھمپور کے پارلیمانی حلقہ انتخاب کے ایکسپنڈیچر ابزروروں ، محمد غیاس الدین اور ڈی کے سریواستو نے ڈی سی آفس کمپلیکس کٹھوعہ کے کانفرنس ہال میں اُمیدواروں اور اُمیدواروں کے نمائیندوں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی ۔ انتخابات کے دوران اُمیدواروں کی طرف سے اخراجات کا حساب کتاب رکھنے سے متعلق سیر حاصل بحث ہوئی ۔ ریٹرننگ افسر اودھمپور پارلیمانی حلقہ انتخاب وکاس کنڈل نے اخراجات کا حساب کتاب رکھنے سے متعلق اُمیدواروں کو جانکاری دی ۔ انہوں نے اُمیدواروں کو انتخابات سے متعلق اخراجات کیلئے ایک اعلیحدہ بنک اکاؤنٹ کھولنے کی صلاح دی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوران اخراجات کی رقم کی ایک حد مقرر کی گئی ہے ان اخراجات میں پوسٹر ، بینر ، گاڑیاں ، پرنٹ اور الیکٹرانک اشتہارات ، پبلک میٹنگز ، ٹینٹوں و دیگر ضروری اخراجات کا حساب کتاب رکھنا شامل ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلائینگ سکارڈ ، سٹیٹک سرویلنس ٹیمیں و دیگر ٹیمیں مثالی ضابطہ اخلاق کی مناسب عمل آوری کو یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی نگرانی پورے حلقہ انتخاب میں یقینی بنائی جائے گی اور انہیں میڈیا سرٹیفکیشن اور مانیٹرنگ کمیٹی کی تفصیلات بھی پیش کیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 4,11 اور 16 اپریل کو کٹھوعہ میں ایکسپنڈیچر ابزرور ایکسپنڈیچر ری کنسی لیشن عمل میں لائیں گے اس لئے تمام اُمیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اخراجات کی تفاصیل جانچ پڑتال کیلئے اپنے ساتھ لائیں ۔ محمد غیاس الدین نے ایکسپنڈیچر ریکارڈ کا حساب کتاب رکھنے کیلئے تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے لوک سبھا انتخابات میں اُمیدواروں کیلئے اخراجات کی حد 70 لاکھ روپے مقرر کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اُمیدواروں کی طرف سے اخراجات کی حد پبلک رپرذنٹیشن ایکٹ کے تحت تجاوز نہیں کرنی چاہئیں ۔ ڈی کے سریواستو نے اُمیدواروں سے کہا کہ انتخابات کے لئے ضروری رقومات اگر دس ہزار روپے سے زیادہ نکالنا ہو تو اس مقصد کیلئے چیک کا استعمال عمل میں لایا جائے اور ایک اُمیدوار ایک وقت میں 50 ہزار روپے سے زیادہ نقدی رقم نہیں رکھ سکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسران کو اپنے فرایض ایک ٹیم کی صورت میں انجام دینے چاہئیں اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کرنا چاہے ۔ بعد میں ایکسپنڈیچر ابزرور ڈی کے سریواستو نے آر او ، اے ڈی سی اور ایم سی ایم سی کے نوڈل افسر کے ہمراہ ڈی آئی سی کٹھوعہ میں قایم ایم سی ایم سی دفتر کا معائینہ کیا ۔ ابزرور نے کمیٹی کے ممبران کے ساتھ بات چیت کی اور اس مرکز پر دستیاب سہولیات اور کارکردگی کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہیں بتایا گیا کہ اخبارات کی سکیننگ ، سوشل میڈیا اور نیوز چینلوں پر نگرانی اور نیوز پورٹل ممبران میں تقسیم کئے گئے ہیں اور ایم سی سی کی خلاف ورزی سے متعلق خبروں کی نشاندہی کرنے کے سلسلے میں تمام کوششیں عمل میں لائی جا رہی ہیں ۔ ابزرور نے کمیٹی کے ممبران کو ایم سی سی کی خلاف ورزی پر لگاتار نظر رکھنے اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے کئے جا رہے اخراجات پر قریبی نگاہ رکھے ۔ امن و قانون کے نوڈل آفیسر گنشام سنگھ ، ایکسپنڈیچر مانیٹرنگ کے نوڈل آفیسر ، ڈپٹی ڈی ای او ناگیش جموال ، اے ای اوز اشونی کمار ، اُمیدوار اور اُمیدواروں کے نمائندے اس موقعہ پر موجود تھے ۔