سرینگر//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری کی صدارت میں کل یہاں افسروں کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں کشمیر اور جموں کے سرمائی زون میں منعقد ہونے والے بورڈ امتحانات کے بلا خلل انعقاد کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، سیکرٹری تعلیم فاروق احمد شاہ ، ڈی سی سرینگر سید عابد رشید شاہ ، ناظم تعلیم ڈاکٹر جی این ایتو، جے کے بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی چیئرپرسن وینا پنڈتا کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ جموں کے ڈویژنل کمشنر ڈاکٹر مندیپ بھنڈاری اور ضلع ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ امتحانات کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں ۔انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز کے گرد و نواح میں مناسب تعداد میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جانا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ امتحانی مواد کو متعلقہ پولیس سٹیشنوں سے لانے اور لے جانے کے کام کا بورڈ کے سینئر اہلکاروں کو تعینات کیا جانا چاہئے۔انہوںنے کہا کہ غلط کام میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر کارروائی عمل میںلانے کے لئے ضلع ہیڈ کوارٹروں پر کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے۔وزیرنے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ امتحانات کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے مونیٹرنگ ٹیم تشکیل دیں۔وزیر نے بورڈ کو ہدایت دی کہ وہ بلا کسی طوالت کے طلاب کو رونمبر سِلپ جاری کریں۔ انہیں بتایا گیا کہ بورڈ نے طلاب کی مشکلات کو حل کرنے کے لئے مرکزی ہیلپ لائن سینٹر قائم کیا ہے ۔طلاب کسی بھی جانکاری کے لئے فون نمبرات 0194-2494965,0194-2494985,0194-2495310اور2491179 پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔