سرینگر//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے بمنہ میں رکھہ آرتھ ہاوسنگ کالونی کا افتتاح کیا جسے گلشن نعمان نام رکھا گیا ہے ۔اس موقعہ پر وزیر نے 9کنبوں کو ان کے گھروں کی چابیاں ان کے حوالے کیںاور باقی ماندہ مستحق کنبوں کو دس روز کے اندر مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔سیکریٹری سکول ایجوکیشن فاروق احمد شاہ ، وی سی لاوڈا ڈاکٹر حفیظ مسعودی ،وی سی ایس ڈی اے عبدالمجید رینہ ، ڈی سی سرینگر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ ،ڈی سی بڈگام محمد ہارون ملک ، کمشنر ایس ایم سی ریاض احمد وانی ،ایس ایس پی سرینگر ، ایس ایس پی بڈگام ، صحت عامہ اور آبپاشی و فلڈکنٹرول کے چیف کے انجینئراں ، سی ایم او سرینگر ، سی ای او سرینگر ، چیئرمین کشمیر ویلفیئر ٹرسٹ منظور احمد وانگنو وزیر کے ہمراہ تھے۔جھیل ڈل میں رہائش پذیر لوگوں کو از سر نو آباد کرنے کے مقصد سے رکھہ ارتھ میں این جی اوکشمیر ویلفیئر ٹرسٹ نے 112 یک منزلہ مکانات تعمیر کئے ہیںاور اس مقصد کے لئے ریاستی حکومت نے 40کنال اراضی فراہم کی تھی۔ کالونی میں تمام بنیادی سہولیات جیسے ڈرنیج ، پانی کی فراہمی و دیگر سہولیات لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے فراہم کی ہیں۔ہر مکان دو کمرے ، کچن ، باتھ روم اور ایک لابی پر مشتمل ہے۔ یہ پروجیکٹ 2013ء میں 416کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا تھا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کشمیر ویلفیئر ٹرسٹ کو یہ سماجی کام انجام دینے پر مبارک باد دی اور کہا کہ حکومت سماج میں تمام بہبودی پروگراموں میں تعاون کرنے کے لئے تیار ہے ۔وزیر نے علاقے میں بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں ایک سکول قائم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے میڈیکل ہیلتھ سینٹر کو تعمیرکرنے کے لئے اراضی کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔ اس کے علاوہ ایک راشن ڈیپو بھی علاقے میں کھولا جائیگا۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ علاقے میں سٹریٹ لائیٹس نصب کرنے اور سڑکوں پر میکڈم بچھانے کے اقدامات کریں۔ انہوں نے علاقے میں ایک قبرستان قائم کرنے کے لئے بھی زمین کی فراہمی کا یقین دلایا۔ بعد میں وی سی لاوڈا نے رکھہ ارتھ کو دیدہ زیب بنانے کے لئے 5000درخت لگانے کا بھی اعلان کیا۔