سرینگر/تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے امیرا کدل حلقے کا دورہ کر کے وہاں لوگوں بالخصوص طلاب کیلئے دستیاب کھیل بنیادی ڈھانچے کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے لوگوں کے مسائل سُنے اور انہیں وقت پر حل کرنے کا یقین دلایا ۔ وزیر کے ہمراہ سیکرٹری سٹیٹ سپورٹس کونسل وحید الرحمان پرا ، سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ہلال احمد پرے ، ڈی سی سرینگر سید عابد رشید شاہ ، ناظمِ تعلیم ڈاکٹر جی این ایتو ، زونل صدر امیرا کدل محمد اشرف ڈار اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی تھے ۔ راولپورہ کے دورے کے دوران وزیر نے کھیل کے میدان کا علان کیا ۔ اس موقعہ پر علاقے کے لوگوں نے انہیں اپنے مسائل کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول راولپورہ کے دورے کے دوران وزیر نے اعلان کیا کہ اس سکول کو ماڈل فُٹ بال سکول میں تبدیل کیا جائے گا ۔ انہوں نے علاقے میں لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے وہاں ایک کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا ۔ ہری نمبل گراؤنڈ نٹی پورہ کے دورے کے دوران وزیر نے سپورٹس اکیڈمی کیلئے دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ۔ بخاری نے بخشی سٹیڈیم ، گندن سٹیڈیم اور پولو گراؤنڈ کا بھی دورہ کیا اور افسروں کو لائیٹیں نصب کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے سنتھیٹکس ٹرف فُٹ بال سٹیڈیم ٹی آر سی کا بھی دورہ کیا انہوں نے سٹیڈیم تک جانے والے راستے پر تار کول بچھانے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ امیرا کدل حلقے کیلئے منعقد کئے جانے والا فُٹ بال ٹورنامنٹ اسی سٹیڈیم میں منعقد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر سرینگر کی بیشتر پارکیں امیرا کدل حلقے میں موجود ہیں لہذا ان کی طرف خصوصی توجہ دی جائے گی تا کہ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا بھر پور موقعہ دستیاب ہو سکے ۔