یو این آئی
نیویارک/ارجنٹینا کے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اپنی ٹیم کے حق میں مبینہ جانبداری اور فکسنگ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارجنٹینا کی کامیابیاں مسلسل محنت، نظم و ضبط اور عمدہ کھیل کا نتیجہ ہیں، کسی کی مہربانی کا نہیں۔انگلینڈ کو سیمی فائنل میں 1-2 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میسی نے فیفا کی مبینہ جانبداری سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ارجنٹینا گزشتہ چار برس سے دنیا کی بہترین ٹیموں میں شامل ہے اور یہ حقیقت کسی کو پسند آئے یا نہ آئے ۔
انہوں نے کہا، “ہم نے جو کچھ حاصل کیا ہے وہ مسلسل محنت اور بہترین کارکردگی کا نتیجہ ہے ۔ کسی نے ہمیں کچھ نہیں دیا اور نہ ہی ہمیں کوئی کامیابی مفت میں ملی ہے ۔”لیونل میسی نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف فتح کو ارجنٹینا کے عظیم فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کے نام کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ آج موجود ہوتے تو یقیناً بہت خوش ہوتے ۔ ان کے بقول یہ کامیابی میراڈونا کے لیے ایک خراج نہیں بلکہ ان کی یاد میں پیش کیا گیا ایک خاص تحفہ ہے ۔میسی نے 1986 کے فیفا ورلڈ کپ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میراڈونا نے انگلینڈ کے خلاف تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹینا کو ناقابل فراموش فتح دلائی تھی اور موجودہ کامیابی بھی اسی عزم اور جذبے کا تسلسل ہے ۔واضح رہے کہ ارجنٹینا نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں جگہ بنائی ہے ، جہاں اس کا مقابلہ اسپین سے ہوگا۔