سرینگر//جموںکشمیر کے بھارت کیساتھ الحاق میں سابق وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے رول کو اہم قرار دیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ سر زمین کشمیر پر حملہ آواروں کو شکست دینے میں انہوں نے اپنا کردار نبھایا۔اس دوران سپیکر اسمبلی کیوندر سنگھ نے کشمیر کو بھارت کا نا قابل تنسیخ حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کو بھارت کے ساتھ علیحدہ کرنے کا دم کسی میں نہیں۔ بھارت کے اولین وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی142ویں یوم پیدایش کے موقعہ پر ریلوے پروٹیکشن فورس کی جانب سے ’رن فار یونٹی‘ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے نرمل سنگھ نے جموں و کشمیر کو بھارت کا تاج قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جموں کشمیر کے الحاق کو حتمی اور یقینی بنانے میں جو رول انہوں نے ادا کیا وہ نا قابل فراموش ہے۔انہوں نے کہا ’جموں وکشمیر بھارت کا تاج ہے اور ہم نے یہی پیغام یہاں اتحاد کیلئے دوڑمیں شرکت کرنے والوں کو دیا ہے ۔ نرمل سنگھ نے کہا کہ جہاں پٹیل نے جموں وکشمیر اور ملک کے درمیان الحاق کے حوالے سے نمایاں اور کلیدی کردار ادا کیا ،وہیں سر زمین کشمیر پر حملہ کرنے والوں کو باہر نکالنے اور امن قائم کرنے میں بھی رول ادا کیا ۔اس موقع پریاستی اسمبلی کے اسپیکر کویندر گپتا نے کہا ’ہم چاہتے ہیں کہ نوجوان نسل اُنکے نظر یہ کو آگے بڑھائیں‘۔انہوں نے جموں کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کو بھارت کے ساتھ کوئی علیحدہ نہیں کرسکتا۔