کشیدگی کم کرنے کیلئے ہندو پاک صبروتحمل کا مظاہرہ کریں:سیکریٹری جنرل
نیو یارک // اقوام متحدہ نے بھارت اور پاکستان کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گیوتیرس نے ’پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی‘ پر گہرے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کو زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے کو کہا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دونوں ممالک کے درمیان اس کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ’ثالثی‘ کی بھی پیش کش کی ہے۔ سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفین ڈیوجارک نے میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’سیکریٹری جنرل نے دونوں ممالک کو زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرے کرنے اور کشیدگی کم کرنے کے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا‘۔انہوں نے بتایا کہ انتونیو گیوتیرس نے مزید کہا کہ اگر دونوں ممالک کو قبول ہو تو وہ ثالت کا کردار ادا کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کی جانب سے الزام تراشیوں اور دھمکیوں کے بعد اقوام متحدہ سے مداخلت کا مطالبہ کیا تھا۔اس دوران اقوام متحدہ کے بشری حقوق کے ہائی کمشنر کے ترجمان روپٹ کلولی نے جنیوا میں بتایا کہ اقوام متحدہ18فروری کو پلوامہ میں جھڑپ کے دوران انسانی جانوں کے زیاں ہونے پر مزید افسردہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کی امید ہے کہ2نیوکلائی ہمسایہ ملکوں کے درمیان کشیدگی خطے میں مزید عدم تحفظ کا ماحول پیدا نہیں کریگی‘‘۔روپٹ کلولی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے بشری حقوق کے ہائی کمشنر مچل بچلٹ نے بھارت سے موصولہ رپورٹوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ کچھ لوگ پلوامہ حملے کو بھارت میں رہائش پذیر مسلمانوں اور کشمیریوں کو نشانہ بنانے کیلئے تشدد کا ممکنہ عمل اور دھمکیوں کے جواز کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا ’’ہم بھارتی حکام کی طرف سے اس طرح کے واقعات سے نپٹنے کیلئے اقدامات کو تسلیم کرتے ہیں،اور اس بات کی امید بھی کرتے ہیں کہ حکومت لوگوں کو کسی بھی طرح کے نقصانات سے بچانے کیلئے اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کیلئے اس طرح کے اقدامات متواتر اٹھائے گی‘‘۔ادھر اقوام متحدہ نے جموں میں احتجاجی مظاہرین کی طرف سے فوجی مبصرین کی ایک گاڑی روکنے کے بعد بھارت سے کہا ہے کہ وہ انکے عملے کی سیکورٹی مزیدبڑھادے۔سیکریٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے جموں میں احتجاجی مظاہرین کی طرف سے انکی ایک گاڑی کو روکنے کے بعد فوجی مبصرین کی سیکورٹی میں اضافے کا مطالبہ کیا۔نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ترجمان س نے بتایا’’ مبصرین کے گروپ نے16فروری کو رپورٹ دی ہے کہ جموںشہر میں انکی ایک گاڑی کو احتجاجی مظاہرین نے گھیرے میں لیا،جبکہ انہوں نے گاڑی کے سامنے پاکستانی پرچم نصب کیا،اور گاڑی نے اگر چہ اس پرچم کو بائی پاس کرنے کی کوشش کی تاہم ایسا نہ ہوسکا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی صورتحال’’افسوسناک اور ناگزیر‘‘تھی،جبکہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین برائے ہند و پاک کے گروپ نے دونوں ملکوں کی حکومتوں کو اس سے مطلع کیا۔انہوں نے مزید کہا’’مشن نے بھارت سے اضافی سیکورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی،اور اس معاملے کی تحقیقات کرنے کیلئے کہا گیا‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح نہ ہوسکا کہ احتجاجی مظاہرین پاکستان کے حامی تھے یا بھارت کے،تاہم انہوں نے پاکستانی پرچم اٹھا رکھا تھا،اور انکا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین برائے ہند و پاک کے گروپ جانبدار ہیں اور ریاست میں موجودگی پر بھی سوال اٹھا رہے تھے۔
اچھا ہو ہندوپاک اگر تعلقات بہتر کرلیں: ٹرمپ
نیوز ڈیسک
واشنگٹن//امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بہت ہی اچھا ہو اگر پاکستان اور بھارت تعلقات بہتر کرلیں۔ واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ پلوامہ میں دہشت گردوں کا حملہ بہت خوفناک تھا، اس حوالے سے رپورٹس مل رہی ہیں تاہم صحیح وقت آنے پر ان حملوں پر بات کروں گا۔ ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بہت ہی اچھا ہو اگر پاکستان اور بھارت اپنے تعلقات بہتر کرلیں۔
چین کا ہند و پاک کو مذاکرات کا مشورہ
نیوز ڈیسک
بیجنگ//چین نے بھارت اور پاکستان کو خطے کے اہم ممالک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کشیدگی ختم کرنے کے لئے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے معمول کی نیوز بریفنگ میں پاک بھارت کشیدگی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بھارت کوپاکستان سے کشیدگی کی بجائے مذاکرات کا مشورہ دے دیا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت خطے کے اہم ملک ہیں، پاک بھارت مستحکم تعلقات خطے کے استحکام اور امن و سلامتی کے لئے انتہائی ضروری ہیں، امید ہیدونوں ملک تحمل سے نکام لیتے ہوئے مذاکراتی راہ اختیار کریں گے۔