تل ابیب/یو این آئی/اسرائیل کی وزارت خارجہ نے امریکہ اور کینیڈا کی جانب سے فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یواین آر ڈبلیو اے) کی فنڈنگ روکنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ اس پس منظر میں اسرائیل نے ریلیف ایجنسی کے کچھ ملازمین پر حماس کے سات اکتوبر کو کیے گئے حملے میں ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے۔ہفتے کے روز، برطانیہ، آسٹریلیا، اٹلی، اور فن لینڈ نے اسی وجہ سے اقوام متحدہ کی اس ریلیف ایجنسی کو اپنی فنڈنگ معطل کرنے کا اعلان کیا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ’’امریکا کو ان الزامات پر گہری تشویش ہے کہ سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کی جانب سے کیے گئے دہشت گردانہ حملے میں یواین ا?ر ڈبلیو اے کے 12 ملازمین ملوث ہو سکتے ہیں‘‘۔ملر کے مطابق جمعرات کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس کے ساتھ بات کی جس کا مقصد “اس مسئلے کی تیزی سے اور گہرائی سے تحقیقات کرنے کی ضرورت پر زور دینا” ہے۔ملر نے کہا کہ “امریکا نے ان الزامات کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے اسرائیل سے رابطہ کیا ہے”۔