سرینگر// اقبال پبلک ہائی اسکول صورہ کے تیس سال مکمل ہونے پر ایک کلینڈر جاری کیا گیا ہے۔ کلینڈر کی رونمائی ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر محمد یونس ملک نے انجام دی۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر موصوف کے دفتر میں ایک مختصر اور سادہ تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر موصوف کے علاوہ اسکول کے ذمہ داروں اور کچھ دیگر سرکردہ افراد شامل رہے۔ اسکول کے کلینڈر میں رواں سال کی تاریخیں اور اقبال پبلک ہائی اسکول کا ترانہ بھی شامل کیا گیا ہے جو وادی کے معروف شاعر اور مصنف پروفیسر مرغوب بانہالی نے لکھا ہے اور جس میں بچوں کی کردار سازی میں حیات اور کلام اقبال کی افادیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ پچھلے تیس سال کے دوران ہزاروں کی تعداد میں بچے میٹرک پاس کرکے اسکول سے فارغ ہوکر نکلے ہیں جن میں سے کافی بچے ڈاکٹر، انجینئرنگ، وکالت، صحافت، درس و تدریس اور دیگر اہم شعبوں سے منسلک ہوگئے ہیں۔ تقریب پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈائرکٹر ایجوکیشن نے بتایا کہ وادی میں بالعموم اور شہر خاص میں بالخصوص بہت سارے تعلیمی ادارے کئی دہائیوں سے سماج کے نچلے طبقوں کے بچوں کو تعلیم کے نور سے منور کرنے کا کار خیر انجام دے رہے ہیں۔جن میں اقبال پبلک ہائی اسکول صورہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے ایسے اداروں کی حوصلہ افزائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کو چاہئے کہ وہ مختلف اسکیموں سے فوائد حاصل کریں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایسے تعلیمی اداروں کو چاہئے کہ وہ وقت کے نت نئے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے میں دیر نہ کریں ورنہ ان کے پیچھے رہنے کا ہر خدشہ موجود ہے۔ انچارج سکول فوقیہ فاروق نے اپنے شکریہ کے الفاظ میں ناظم تعلیمات کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اسکول انتظامیہ کی استدعا پر کلینڈر کی رونمائی انجام دے کر اسکول انتظامیہ، اسٹاف، زیر تعلیم بچوں اور دیگر متعلقین کی حوصلہ افزائی کی۔