یواین آئی
واشنگٹن// امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ افغانستان، بولیویا، برما ، کولمبیا اور وینزویلا کو گذشتہ 12 ماہ کے دوران انسداد منشیات کے معاہدوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں “واضح طور پر ناکام” رہنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ان ممالک کے لیے مختص عطیات کو متاثر کر سکتا ہے۔ٹرمپ نے کولمبیا کے سکیورٹی اہلکاروں کی “ہمت و مہارت” کو سراہا اور کہا ہے کہ “کولمبیا میں صدر گستاوو پیٹرو کے دور میں کوکا ‘کی کاشت اور کوکین کی پیداوار ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ان کی، منشیات فروش دہشت گرد گروہوں کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کی ، ناکام کوششوں نے بحران کو مزید گہرا کر دیا ہے”۔اعلان میں مزید کہا گیا ہے کہ”گذشتہ سال کے دوران منشیات پر قابو پانے کی ذمہ داریوں کی تکمیل میں ناکامی کی ذمہ داری مکمل طور پر کولمبیا کی سیاسی قیادت پر عائد ہوتی ہے۔ اگر کولمبیا حکومت ‘کوکا کی کاشت کو ختم کرنے اور کوکین کی پیداوار اور اسمگلنگ کو کم کرنے کے لیے مزید جارحانہ اقدامات کرتی ہے تو میں اس فیصلے کو تبدیل کرنے پر غور کروں گا۔”ٹرمپ نے پہلے بھی پیٹرو کی منشیات پر قابو پانے کی کوششوں کو غیر مؤثر قرار دیا اور اس کا”سرٹیفیکیٹ منسوخ” کرنے کی دھمکی دی تھی اور ریپبلکن اسمبلی ممبران نے کولمبیا کے لیے غیر فوجی امداد میں سخت کٹوتیوں کی حمایت کی تھی۔کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے ایک ویڈیو پیغام میں اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کی کوشش میں کولمبیا کی پولیس، فوج اور شہریوں کی درجنوں ہلاکتوں کے بعد یہ فیصلہ افسوسناک ہے۔صدر نے کابینہ کے اجلاس میں کہا ہے کہ “امریکہ ہمارا سرٹیفکیٹ ایسے وقت میں منسوخ کر رہا ہے کہ جب منشیات کیجتھے اور بائیں بازو کے گوریلا گروہوں کے خلاف جنگ میں کولمبیا کے درجنوں پولیس افسران اور فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔”کولمبیا کے واشنگٹن میں سفیر ڈینیئل گارسیا پینا نے گذشتہ ہفتے صحافیوں کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ ‘یو ایس ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی ‘ کے بند ہونے کی وجہ سے پہلے ہی امریکی امداد متاثر ہو چکی ہے اور اگر ٹرمپ کولمبیا کو ڈی سرٹیفائی کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو منشیات کی اسمگلنگ سے براہ راست منسلک نہ ہونے والا تقریباً 100 ملین ڈالر مالیت کا پروگرام بھی ختم ہو سکتا ہے۔امریکہ نے آخری بار 1997 میں کولمبیا کو اس فہرست میں شامل کیا تھا جب ملک کیمنشیات فروش جتھوں نے اقتدار کی اعلیٰ ترین سطحوں تک رسائی حاصل کر لی تھی۔ 2000 کے بعد سے، امریکی حکومتوں نے کولمبیا کو اربوں ڈالر کی امداد فراہم کی، لیکن تعاون ایک دہائی قبل اس وقت کمزور ہونا شروع ہوا جب گلیفوسیٹ کے ساتھ کوکا کے کھیتوں کو اسپرے کرنے کا پروگرام معطل کر دیا گیا۔