سرینگر// جموں وکشمیر کے عوام اس وقت گوناگوں مصائب اور مشکلات سے دوچار ہیں اور ہرطبقہ کے لوگوں کو زبردست چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نہ کہیں روزگار کے وسائل ہیں اور نہ کاروبار کے مواقع،مہنگائی اور کسادبازاری نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جبکہ انتظامیہ کی بے حسی لوگوں کے مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔ان باتوں کااظہارنیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر ضلع سرینگر کے 8حلقہ انتخابات کے بلاک صدور کیساتھ ایک میٹنگ میں موجودہ صورتحال، لوگوں کے مسائل و مشکلات، تنظیمی سرگرمیوں اور ممبرشپ مہم کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کے دوران کیا۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے علی محمد ساگر نے کہا افسر شاہی میں لوگ پس رہے ہیں، نت نئے حربے اپنا کر لوگوں پر اضافی بوجھ ڈالا جارہا ہے اور اب پراپرٹی ٹیکس عائد کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ایک بیان کے مطابق ساگر نے پارٹی عہدیداروں پر زور دیاکہ وہ ہرحال میں عوام کے شانہ بہ شانہ رہیں اور عوامی مسائل و مشکلات اُجاگر کرنے اور ان کا سدباب کرانے میں پیش پیش رہیں۔ انہوں نے پارٹی عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ماضی کی طرح زمینی سطح پر ممبر شپ مہم احسن طریقے سے کامیاب بنائیں اور نوجوانوں کو اپنی پارٹی کی طرف راغب کرنے کو ترجیح دیں۔ میٹنگ میں نیشنل کانفرنس کے سابق جنرل سکریٹری شیخ نذیر احمد (ایڈوکیٹ) کی چھٹی برسی کے سلسلے میں منعقد ہونے والے پروگرام کو حتمی شکل بھی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ19کے پیش نظر امسال تقریب مختصر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 24فروری بروز بدھ مرحوم قائد کے مقبرہ واقعہ ملک صاحب ؒ صورہ میں صبح 10بجے قرآن خوانی، گلباری اور اجتماعی فاتحہ خوانی ہوگی، جس میں تنظیم کے سرکردہ قائدین شرکت کریں گے۔جبکہ شیر کشمیر بھون جموں اور پارٹی کے تمام ضلعی دفاتر پر تقاریب کا اہتمام ہوگا، جن میں مرحوم نذیر صاحب کو خراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔ادھرپارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے لارکی پورہ عشمقام پہلگام میں ایک لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس روزاول سے ہی تشددکیخلاف اورعدم تشدد کی حامی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی پرخلوص قیادت ہمیشہ امن کی علمبرداراورریاست میں جاری غیر یقینیت اورخوف ودہشت کاماحول جاری رکھنے پرمایوسی اورتشویش میں ہے اور اس کاسدباب اور پائیدارحل صرف مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے ہندپاک بات چیت میں مضمر ہے۔علی محمد ساگر نے عشمقام میںگزشتہ روز باغات برزلہ میں جان بحق ہوئے ایک پولیس اہلکار سہیل احمدکے گھر جاکر اُس کے لواحقین کی ڈھارس بندھائی اور ان کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا۔