یواین آئی
نئی دہلی/ہندوستان کے سرکردہ آف اسپنر روی چندرن اشون یورپی ٹی20 پریمیئر لیگ (ای ٹی پی ایل) میں صرف کھلاڑی کے طور پر نہیں بلکہ کپتان-کم-کوچ کے دوہرے کردار میں بھی نظر آئیں گے ۔ انہوں نے اس نئی ذمہ داری کو اپنے کیریئر کے اگلے مرحلے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ای ٹی پی ایل کے پہلے پلیئر ڈرافٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈبلن گلیڈی ایٹرز کے نامزد کپتان اشون نے کہا، “میں اپنے کیریئر کے اس مرحلے پر ہوں جہاں صرف بطور کھلاڑی نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر بھی ٹیم کے لیے کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔”انہوں نے کہا، “گزشتہ چند برسوں سے میں ریاستی سطح کی کرکٹ میں بھی کپتان کے ساتھ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا رہا ہوں، اس لیے میرے لیے یہ کردار ایک فطری پیش رفت ہے ۔”
اشون نے مزید کہا، “راہل ڈریوڈ نے مجھے یہ ذمہ داری نبھاتے ہوئے دیکھا ہے اور وہ جانتے ہیں کہ میں اپنے ملک میں کلب کرکٹ میں کس انداز سے کام کرتا ہوں۔ اسی لیے انہیں یقین تھا کہ میں یہ ذمہ داری بخوبی انجام دے سکتا ہوں۔ میرے لیے یہ وہی راستہ ہے جس پر میں مستقبل میں آگے بڑھنا چاہتا ہوں۔”روی چندرن اشون اس سے قبل 2024 میں بھی کپتان اور کوچ کا دوہرا کردار نبھا چکے ہیں، جب انہوں نے دنڈیگل ڈریگنز کو پہلی مرتبہ تمل ناڈو پریمیئر لیگ (ٹی این پی ایل) کا خطاب جتوایا تھا۔ آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ کے بعد سے وہ بیرون ملک لیگز میں بھی اسی نوعیت کی ذمہ داری سنبھالنے کے خواہش مند تھے ۔اشون اسے گھٹنے کی سرجری کے بعد اپنی واپسی کے طور پر بھی دیکھتے ہیں، کیونکہ اسی انجری کے باعث وہ پہلی بار بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں شرکت سے محروم ہوگئے تھے ۔ اس وقت وہ میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) میں سان فرانسسکو یونیکورنز کی نمائندگی کر رہے ہیں، جہاں اب تک صرف ایک میچ کھیل سکے ہیں۔ٹی این پی ایل کے علاوہ اشون کو اعلیٰ سطح پر ٹی20 کرکٹ میں قیادت کا بھی وسیع تجربہ حاصل ہے ۔ وہ آئی پی ایل میں 28 میچوں میں کپتانی کر چکے ہیں، جبکہ تمل ناڈو کی جانب سے سید مشتاق علی ٹرافی میں بھی مختصر عرصے کے لیے قیادت کر چکے ہیں۔ تاہم اس مرتبہ کپتانی کے ساتھ رہنمائی اور کوچنگ کی ذمہ داری بھی ان کے سپرد ہوگی، جسے وہ نئی ذمہ داری کے بجائے اپنے سابقہ کردار کا تسلسل قرار دیتے ہیں۔