یو این آئی
دبئی/بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کو مطلع کیا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے دوران بین اسٹوکس کی ریٹائرمنٹ کی ویڈیو جاری کرنا آئی سی سی کے پلیئر اینڈ میچ آفیشلز ایریا (پی ایم او اے) قوانین کی خلاف ورزی ہے۔آئی سی سی کے مطابق اسٹوکس نے ٹرینٹ برج ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل شروع ہونے سے قبل ڈریسنگ روم میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔
ای سی بی کی میڈیا ٹیم نے اس موقع کی ویڈیو اور آڈیو ریکارڈ کی، جسے چائے کے وقفے سے قبل براڈکاسٹرز اور سوشل میڈیا پر جاری کر دیا گیا، جبکہ میچ جاری تھا۔آئی سی سی نے اپنے خط میں کہا کہ جاری بین الاقوامی میچ کے دوران ڈریسنگ روم سے آڈیو یا ویڈیو ریکارڈنگ اور اس کی نشریات پی ایم او اے کے ضوابط کے خلاف ہیں۔ انسدادِ بدعنوانی کے قوانین کے تحت ڈریسنگ روم میں کسی بھی ریکارڈنگ آلات کے استعمال اور میچ ختم ہونے سے پہلے ایسی ریکارڈنگ جاری کرنے کی اجازت نہیں ہے۔آئی سی سی نے ہفتہ کو بھیجے گئے خط میں ایک بار پھر واضح کیا کہ پی ایم او اے کے اندر ریکارڈ کیا گیا کوئی بھی مواد آڈیو کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی میچ کے اختتام سے پہلے جاری کیا جانا چاہیے۔ اس معاملے پر آئی سی سی نے عوامی طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، جبکہ ای سی بی کی جانب سے بھی ابھی تک کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔