سرینگر//مسلم ممالک میں اعلانِ جہادکوریاست کااستحقاق قراردیتے ہوئے پاکستانی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ پاکستان میں ایسے رُجحانات کی بیخ کنی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے خبردارکیاکہ جہادی فتوے جاری کرنے والے مسلمانوں کے دشمن ہیں ۔پاکستان کے وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اسلامی ملک میں جہاد کا اعلان ریاست کا حق یااستحقاق ہے، لہٰذا ہر محلے اور مسجد سے جہاد کا اعلان نہیں کیا جا سکتا ۔انہوں نے کہاکہ کسی کو حق نہیں کہ کسی دوسرے کے قتل کا فتویٰ جاری کرے۔پاکستان کی قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اسلامی ملک میں جہاد کا اعلان ریاست کا حق ہے۔انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم پاکستان کے اندر ایسے رجحانات کی بیخ کنی کریں جس سے ہماری داخلی سلامتی کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ پاکستانی وزیرداخلہ نے خبردارکیاکہ دشمن ہمیں آپس میں لڑا نا چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ دشمن چاہتا ہے کہ مسلمان آپس میں ایک دوسرے کے سر پھوڑدیں اور گردنیں کاٹیں۔ پاکستانی وزیرداخلہ نے کہاکہ اگر ہم نے انتشار کے راستے سے خود کو نہ موڑا اور آپس میں یکجہتی کا راستہ اختیار نہ کیا تو پھر ہمیں کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔پاکستانی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلامی ملک میں کسی کو حق نہیں کسی دوسرے کے قتل کا فتویٰ جاری کرے۔