حیدرآباد// ’’اسلامی تعلیمات سوال کرنے کی ہمت افزائی اور مسائل ومعاملات میں تحقیق وجستجو کا رجحان پیدا کرتی ہیں، چنانچہ قرآن کریم نے دوبارہ پیدا کئے جانے سے متعلق حضرت ابراہیم علیہ السلام کے سوال کرنے کا تذکرہ کیا ہے، اسی طرح انہوں نے جب ایمان لایا تو پوری تلاش وجستجو کے بعد ایمان لایا تھا‘‘۔ ان خیالات کا اظہار مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے نائب شیخ الجامعہ پروفیسر ایوب خان نے شعبہ اسلامک اسٹڈیز، مانو اور ہنری مارٹن انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے منعقدہ دو روزہ قومی سمینار بعنوان ’’اسلامک اسٹڈیز: تصور، صورتحال اور مستقبل‘‘ کی اختتامی نشست میں کیا۔ یہ اختتامی نشست ہنری مارٹن انسٹی ٹیوٹ کے احاطہ میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی پروفیسر سعود عالم قاسمی (علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) نے اپنے خطاب میں اس سمینار کو اپنے موضوع کی اہمیت ومعنویت کی اعتبار سے منفردحیثیت کا حامل قرار دیا۔ ہنری مارٹن انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر پیکم ٹی سموئیل نے سمینار کے کامیاب انعقاد پر اپنی خوشی کا اظہارکیا اور آئندہ بھی شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ سمینار کے ڈائرکٹر اور صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز مانو، پروفیسر محمد فہیم اختر نے سمینار کی مختصر رپورٹ پیش کرتے ہوئے ہنری مارٹن انسٹی ٹیوٹ کے ذمہ داروں اور یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز اور نائب شیخ الجامعہ نیز شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے اساتذہ وطلبہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہی کے تعاون سے اس سمینار کا کامیاب انعقاد ہو سکا۔ اس نشست کے مہمان اعزازی ڈاکٹر وکٹر ایڈون نے سمینار کے انعقاد پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ سمینار کے کنوینر ڈاکٹر محمد عرفان احمد نے سمینار کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ جبکہ ڈاکٹر وحید اللہ ملتانی نے مہمانوں کااستقبال کیا۔اس سے پہلے دو روزہ قومی سمینار میں کل 5 علمی نشستیں منعقد ہوئیں، جن میں پہلی نشست کی صدارت پروفیسر اقتدار محمد خان (سابق صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز، جامعہ ملیہ اسلامیہ) اور نظامت محترمہ ذیشان سارہ (استاذ شعبہ اسلامک اسٹڈیز، مانو) نے کی۔ اس نشست میں کل 7 مقالات پڑھے گئے۔ دوسری نشست جس میں 6 مقالات پڑھے گئے، اس کی صدارت پروفیسر عبید اللہ فہد (صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد عرفان احمد (استاذ شعبہ اسلامک اسٹڈیز، مانو) نے انجام دیئے۔ تیسری نشست میں 8 مقالات پڑھے گئے، اس نشست کی صدارت پروفیسر عائشہ فاروقی (شعبہ اسلامک اسٹڈیز، جامعہ عثمانیہ) نے اور نظامت ڈاکٹر محمد ارشد (استاذ شعبہ اسلامک اسٹڈیز، جامعہ ملیہ اسلامیہ) نے کی۔ دوسرے دن چوتھی علمی نشست کی صدارت پروفیسر سعود عالم قاسمی (علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) نے کی اور نظامت کے فرائض جناب عاطف عمران (استاذ شعبہ اسلامک اسٹڈیز، مانو) نے انجام دیئے، جس میں 6 مقالات پیش ہوئے۔ اس کے بعد پانچویں نشست کی صدارت پروفیسر عبد العلی (سابق صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) نے انجام دی اور ڈاکٹر وارث متین مظہری (شعبہ اسلامک اسٹڈیز، جامعہ ہمدرد) نے نظامت کی، اس نشست میں 6 مقالات پڑھے گئے۔سمینار میں اسلامک اسٹڈیز کے تصور اور اس کے آغاز وارتقاء ، اس کی موجودہ صورت حال، اور اس کے نصاب میں مطلوبہ تبدیلیوں کی ضرورت، نیز اس کے مستقبل کے حوالہ سے ریسرچ کے نئے موضوعات اور معاش سے اس کی وابستگی جیسے پہلوؤں پر مقالے پیش کئے گئے، اور سنجیدہ اور مفصل تبادلہ خیال انجام پایا۔ اس موضوع پر منعقد ہونے والے غالباً پہلے سمینار کے کامیاب انعقاد اور فکر انگیز تبادلہ خیال پر سمینار منعقد کرنے والے دونوں منتظم اداروں اور سمینار کے مندوبین نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا، اور اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ سمینار کے یہ قیمتی مقالات جلد ہی کتابی شکل میں لائے جائیں تاکہ استفادہ عام ہو سکے۔